خبرنامہ

ملک کو درپیش مسائل کا حل علامہ اقبال کی تعلیمات میں مضمر ہے: ایاز صادق

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا پیغام عالم گیر ہے اور اُن کی شاعری معاشر ے کے تمام طبقات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی تعلیمات میں تمام درپیش مسائل کا حل موجود ہے ۔علامہ اقبال کے 139ویں یو م پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال کے فلسفے اور شاعری نے علیحدہ وطن کے حصول کے لیے بر صغیر کے مسلمانوں کی رائے کو ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور جدوجہد آزادی کو ایک بھرپور تحریک میں بدل دیا جس کے نیتجے میں 23مارچ 1940کو قرار داد پاکستان منظور ہوئی جسے بر صغیر پاک و ہند میں بسنے والے مسلمانوں کی بھر پور تائید حاصل تھی ۔ سپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال کا خواب مسلمانان بر صغیر کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں تھا اُن کی شاعری نے مسلمانوں کے اندر ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے جہاں وہ اپنے مذہب، ثقافت اور روایات کے مطابق زندگی بسر کر سکیں نیا جذبہ اور ولولہ پیدا کیا ۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں اِمت مسلمہ کی تنزلی کی وجوہات اور کھوئی ہوئی عظمت کو دوبارہ حاصل کرنے کی حکمت عملی پیش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو بالعموم اور پاکستان کو بالخصوص بے شمار چیلنجوں کا سامنا ہے جن پر علامہ اقبال کی تعلیمات پر عمل پیرا ء ہو کر قابو پایا جا سکتا ہے ۔سپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال مسلم امہ کے اتحاد کے عظیم داعی تھے اور انہوں نے مسلمانوں کو اپنے وسائل اور قوت ارادی پر بھروسہ کرنے کا درس دیا ۔سپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصور عالم گیر ہے اور قومیت اور علاقائی قیود سے بالا تر ہے ۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے نزدیک انتہا پسندی اور تعصب کی کوئی گنجائش نہیں اور انہوں نے اعتدال پسند ،پر امن اور روشن خیال مسلمانوں کا تصور پیش کیا جن سے دوسر ے مذاہب کے ماننے والے بھی متاثر ہوں۔