سانگلہ ہل: (ملت+آئی این پی)وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ملک کے اندر گڑ بڑ اور بدامنی کی فضا پیدا کر نے والے ملک وقوم کی خدمت نہیں کر رہے ہیں مخالفین کو محض اخباری بیانات دینے اور سستی شہرت حاصل کرنے کا بخار ہو گیا ہے۔ وہ پاناما کیس کو بے بنیاد الزامات کے ساتھ پیش کرکے اپنے آپ کو زندہ رکھنے کی کوشش میں ہلکان ہو رہے ہیں ۔اس کی اصل حقیقت بہت جلد عوام کے سامنے آ جائے گی۔ مخالفین کے مفاداتی گروپ کو شرمندی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا حکومت نچلی سطح پر عوامی مسا ئل کے حل کے لیے بلدیاتی اداروں سے ہر قسم کا تعاون کرے گی زیادہ سے زیادہ عوامی مفادات کی حامل پالیسیوں کو مکمل کیا جائے وہ 7جنوری کو میو نسپل کمیٹی سانگلہ ہل میں نو منتخب چیئر مین حسن شاہ نواز ملہی و ممبران بلدیہ اور ملازمین سے ملاقات کے دوران اپنے خیالات کا اظہا ر کر رہے تھے۔ چیئر مین حسن شاہ نواز ملہی نے بلدیاتی سر بر اہوں کے انتخاب کے بعد دفتر بلدیہ سانگلہ ہل میں پہلی دفعہ آنے پر وفاقی وزیر چوہدری برجیس طاہر کا والہانہ استقبال کیا ۔انہیں پھولوں کے ہاروں سے لاد ریا گیا۔وفاقی وزیر امور کشمیر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان مسلہ کشمیر کے حل کے لیے پوری طرح توجہ دے رہی ہے اور اس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے نو منتخب چیئرمین حسن شاہ نواز ملہی کو تھپکی اور شاباش دیتے ہوئے کہاکہ آنے والے ہر شہری کے مسلہ کو حل کرنے پر بھرپور توجہ دیں اور کسی قسم کی سیاسی چپقلش اور انتخابی اختلافات سے بلاتر ہو کر علاقہ کی تعمیر و ترقی کو اپنا اولین مشن بنائیں ۔اس موقع پر انہوں نے ممبران بلدیہ سے بھی کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں ترقی کے منصوبوں کو سامنے لائیں اور چیئر مین حسن شاہ نواز ملہی نے اپنی ذمہ داریوں کو پوری طرح نبھانے کی یقین دہانی کرائی ۔
خبرنامہ
ملک کے اندر بدامنی کی فضا پیدا کی جا رہی ہے: برجیس
