خبرنامہ

ممنون حسین سے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی ملاقات

معاشرے کی اصلاح

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) صدرمملکت ممنون حسین سے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملاقات کی اور انہیں چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ہفتہ کو ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کے بعدصدر ممنون حسین سے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدرممنون حسین نے جسٹس میاں ثاقب نثار کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہ طریق احسن سرانجام دیں گے۔قبل ازیں ایوان صدرمیں منعقدہ پروقار تقریب میں صدرممنون حسین نے جسٹس میاں ثاقب نثار سے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف لیا۔ حلف برداری کی یہ تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم محمد نواز شریف ، چیئرمین سینٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ، سروسز چیفس، وفاقی وزراء ، اراکین پارلیمنٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں آزاد کشمیر کے صدر ، گورنر پنجاب و خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ، اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان اعلیٰ سول و فوجی حکام ، وکلا اور سفارت کار وں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔حلف برداری کی تمام کارروائی قومی زبان اردومیں کی گئی۔