خبرنامہ

میڈیا نے دہشتگردی خاتمے میں اہم کردار ادا کیا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں ریڈیو پاکستان کا اہم کردار رہا ہے،یہ وہ ادارہ ہے جس نے ہر طرح کے حالات میں پاکستان کو حوصلہ کی آواز فراہم کی، جب جب پاکستان پر جنگ یا قدرتی آفات آئیں تو وہ کردار ادا کیا جس کی ضرورت تھی، ریڈیو پاکستان انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جارہا ہے، میڈیا نے دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا اسی لئے صحافی ٹارگٹ ہوتے ہیں ، پارلیمنٹ میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی گئی،وزیراعظم نے صحافیوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ، بذریعہ اصلاحات ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وہ پیر کو ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کر ر ہی ہیں۔وزیر مملکت اطلاعات مریم آورنگزیب تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں تقریب میں ریڈیو لیجنڈز کو خراج عقیدت اور وابستہ لوگوں کی خدمات کو سراہا گیا جبکہ پاکستان میں پائیدار ترقی کے عمل میں ریڈیو کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریڈیو کا سفر 70 سال قبل پاکستان کے سفر کے ساتھ شروع ہوا، یہ وہ ادارہ ہے جس نے ہر طرح کے حالات میں پاکستان کو حوصلہ کی آواز فراہم کی، جب جب پاکستان پر جنگ یا قدرتی آفات آئیں تو وہ کردار ادا کیا جس کی ضرورت تھی، بہت سے ایسے لوگ ہیں جنھوں نے پس منظر میں رہ کر اپنا کردار ادا کیا،ریڈیو سے وابستہ ہر فرد کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، نوجوانوں کے کردار کو تعمیری اور مثبت بنانے میں بھی ریڈیو نے کردار ادا کیا ہے، اس وقت سب سے زیادہ قابل اعتماد میڈیم ریڈیو پاکستان ہے، عالمی سطح پر بھی ریڈیو پاکستان نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ریڈیو پاکستان کا رہا ہے، پاکستان کی 70 ویں سالگرہ آرہی ہے جس میں وزیراعظم نواز شریف تعمیری کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں، اس سال حکومت نے پاکستان کی 70 ویں سالگرہ پورا سال منانے کا اعلان کیا ، ریڈیو پر پاکستان دس ویک پروگرام شروع کررہے ہیں جس میں نمایاں حیشیت رکھنے والوں کا اجاگر کیا جائے گا، آئندہ سال ریڈیو کا عالمی دن کسی تعلیمی ادارے میں منعقد کیا جانا چاہے جہاں نوجوانوں کو اس عمل میں شامل کیا جاسکے، ریڈیو پاکستان انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جارہا ہے، عالمی اداروں کے لئے بھی کمیونٹی سے رابطہ میں ریڈیو کا اہم کردار ہے، ایک ہفتہ وار پروگرام جس میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے شروع کیا جانا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال ہم سالگرہ کی تقریب میں یوتھ کو بھی شامل کریں گے، وزیراعظم کی ہدایت پر ہم ریڈیو پاکستان انٹر شپ پروگرام کا بھی آغاز کر رہے ہیں ، کمیونٹی بیس ہفتہ وار پروگرام ویژن 2025کے اہداف حاصل کرنے کے لئے شروع کر رہے ہیں ، ہفتہ وار پروگرام میں پارلیمنٹ کا بھی اہم کردار ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتی ہوں کہ ریڈیو ٹیم اسی طرح محنت اور لگن سے کام کرتی رہے ؤگی تاکہ نوحوان نسل مایوس نہ ہو۔ وزیر مملکت نے کہا کہ گزشتہ روز کراچی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، اس حوالے سے گورنر سندھ سے رابطہ کیا اور ایسے واقعات کی روک تھام اور اس کی تحقیقات کا بھی کہا ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا نے دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا اسی لئے ٹارگٹ ہوتے ہیں ، جرنلسٹ کی پروٹیکشن کا بل بنایا گیا ہے اس کے ذریعے صحافیوں کا تحفظ ممکن ہوتا ہے، تیمور اور اسکے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہیں اللہ اسے اللہ جوار رحمت میں جگہ دیں ۔ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان صبامحسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سو سال گزرنے کے باوجود ریڈیو آج بھی جوان ہے، آج کا دن منانے کا مقصد آگاہی اورشعور کا فروغ ہے، ہم ریڈیو کونئی جدت کے ساتھ انٹرنیٹ اور نئی ٹیکنالوجی کیطرف لائے ہیں، ریڈیو پاکستان تعلیم کے فروغ کیساتھ ساتھ ثقافت کے فروغ میں بھی کردار ادا کر رہا ہے۔صبا محسن نے کہا کہ ریڈیو پاکستان قوم کی آواز ہے اسکی نشریات نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں سنی جارہی ہیں، ریڈیو پاکستان تمام مکاتب فکر کی نمائندگی کر رہا ہے اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان میں تعینات جرمن سفیر عینا لیپل نے ریڈیو پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں نوجوان لوگوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اور آپ کو ملکی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور پاکستان خوبصورت ملک ہے، ریڈیو پاکستان کیساتھ نوجوان نسل کا منسلک ہونا خوش آئند ہے، آج دنیا بھر میں ریڈیو کا عالمی دن منایا جارہا ہے، خوشی اس بات کی ہے کہ پاکستان میں بھی آزادی اظہار رائے کی آزادی ہے، ریڈیو کے ذریعے تعلیم وترقی اور آگہی کا فروغ ممکن ہے، پاکستان ریڈیو احسن انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔(ار)