اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) اسلام آباد سٹیزن کمیٹی(آئی سی سی)نے آئندہ نئی منتخب ہونے والی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ مقامی شہریوں کے معیار زندگی کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔آئی سی سی کے صدر داؤد کھوکھر کی زیر صدارت وطن عزیز کے 71ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں جمعرات کوکمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کمیٹی نے نئی آمدہ حکومت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اوراس توقع کا اظہار کیا گیا کہ حکومت اپنے منشور میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی تا کہ پاکستانی عوام کے بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔آئی سی سی نے نئی حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کے عزم کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی گئی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی۔اجلاس میں آئی سی سی کے سیکرٹری جنرل داؤد کھوکھر کے علاوہ قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے سابق ڈائیریکٹر جنرل سینئر صحافی ایم آفتاب اور آئی سی سی کے سینئر ممبر محمد صادق حسن اور دیگر عہدیداروں اور مجلس عاملہ کے ارکین نے شرکت کی۔اجلس کے شرکاء نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے آزاد مملکت کے حصول کے لئے قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے دیگر قائدین اور بابائے قوم کے رفقائے کار کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کیا جن کی مثالی جدوجہد کے نتیجہ میں مملکت خداداد پاکستان دنیا کے نقشہ پر ایک آزاد مملکت کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آیا۔انھوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء کی جدوجہد آزادی میں شرکت کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں کمیٹی کے سابق صدر شاکر حسن کی خدمات کو بھی سراہا گیا اور کہا گیا کہ انھوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی اور خود مختاراسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ایڈمنسٹریشن کی تشکیل کے لئے بھر پور کردار ادا کیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
خبرنامہ
نئی حکومت سے شہریوں کے معیار زندگی کی بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی توقع ہے ، آئی سی سی
