خبرنامہ

نئی حکومت ود ہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ کرے ، خادم حسین

اسلام آباد ۔ پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد نئی حکومت اپنی ہی جمع رقم کے بینکوں سے لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ کرے کیونکہ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور دیگر بے شمار ٹیکسوں کی ادائیگی کے بعد بینکوں سے اپنی ہی رقم کے لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا جواز باقی نہیں رہتا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے باعث عوام کا بینکوں پر سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے اور اس ٹیکس کے باعث بینکوں کے سرمائے میں بھی کمی واقع ہورہی ہے اسٹیٹ بینک آف پاکستان بھی اس ٹیکس کے خاتمہ کیلئے سفارشات پیش کرچکا ہے اس لیے نئی آنے والی حکومت تاجر و صنعتکار برادری کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بینکوں سے لین دین پر ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کا فوری اعلان کرکے تاجر برادری کو ریلیف دے کیونکہ یہ ان کا دیرینہ مطالبہ ہے۔