خبرنامہ

نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی اتحاد ضروری ہے :نواز

ڈیووس: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ امن و استحکام کے بغیر خطے میں معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ، نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی اتحاد ضروری ہے ۔ وزیر اعظم نے سوئس صدر سمیت عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں ۔ نئے چیلنجز درپیش ہیں ، نیا عالمی اتحاد بنایا جائے ، معاشی خواب تب تک پورا نہیں ہوسکتا جب تک خطے میں امن و استحکام نہ لایا جائے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے عالمی برادری کو آگاہ کر دیا ۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خوشخبری سنائی کہ وہ پاکستان سرمایہ لائیں ، قانونی تحفظ دیں گے ۔ تقریب سے خطاب سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف نے ورلڈ اکنامک فورم کے چیئرمین کلاؤس شواب ، چینی ارب پتی جیک ما اور سوئس کنفیڈریشن کی صدر ڈورس لیوتھارڈ سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے سری لنکن ہم منصب رانیل وکرما سنگھے اور سوئیڈش وزیر اعظم سٹیفن لوفوین سے بھی ملاقات کی اور ان کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب توجہ مبذول کروائی ۔