نوازشریف اور عمران خان کا کردارعوام کے سامنے ہے؛ برجیس طاہر
اسلام آباد: (ملت آن لائن) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ آئین و قانو ن کے احترام کے ضمن میں محمد نواز شریف اور عمران خان کا کردار پاکستان کے عوام کے سامنے ہے، محمد نواز شریف نے ہر موقع پر عدلیہ کے احترام و تقدس اور آئین و قانون کی بالادستی کیلئے اپنے شدید ترین تحفظات کے باوجود خود کو قانون کے سامنے جواب دے بنایا جبکہ اس کے برعکس عمران خان نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھ رکھا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ2013 ء سے لے کر اب تک کے حالات پاکستان کے عوام کے سامنے ہیں کہ کس سیاسی جماعت اور قائد نے ترقی کے ایجنڈے اور وژن پر عمل کیا اور کس سیاسی جماعت اور اس کے رہنماؤں نے پاکستان کو سیاسی و معاشی لحاظ سے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مخالفین کی اس منطق پر حیرت ہوتی ہے کہ عمران خان اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے بری ہو جائیں گے اور نااہلی سے بچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو محض اقامہ کی بنیاد پر نا اہل کر دیا گیا جبکہ عمران خان پر الزامات اس سے کئی گنا زیادہ سنگین نوعیت کے ہیں جن سے بچنا ناممکن نظر آتا ہے ۔ وفاقی وزیر نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ اعلیٰ عدلیہ عمران خان کے معاملے پر ایسا فیصلہ کرے گی جو عدل کے تقاضوں پر پورا اترے گا اور جس پر پاکستان کے عوام بھرپور اعتماد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے ا ستحکام اور تسلسل کیلئے اداروں کا غیر جانبدار اور متوازی ہونا انتہائی ضروری ہے جس کی بدولت ہی پاکستان میں سیاسی و معاشی ترقی کی مضبوط اور دیرپا بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔
خبرنامہ
نوازشریف اور عمران خان کا کردارعوام کے سامنے ہے؛ برجیس طاہر
