نوازشریف آئندہ الیکشن میں پھر وزیراعظم بن جائیں گے، طلال چوہدری
اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ نوازشریف کو سازش سے نہیں ہٹایا جاسکتا وہ آئندہ الیکشن میں پھر وزیراعظم بن جائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ آئین میں آمر کی ترمیم جمہوری طریقے سے نکال دی گئی، آمروں کی ترامیم کو ختم کرنا (ن) لیگ کا نصیب ہے اور اس ترمیم پر تکلیف کیوں ہوتی ہے جس کا کچھ نہ کچھ فائدہ نوازشریف کو ملے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی اور شیخ رشید کو ہی کیا ہر چیز عدالت میں چیلنج کرنا ہے اور ان کی ہر پٹیشن پر کیا فیصلہ نوازشریف کے خلاف ہی آنا ہے، شیخ رشید کو انگریزی میں اپنا نام لکھنا نہیں آتا وہ اتنی بڑی بڑی پٹیشنز کہاں سے لکھواتے ہیں، ہمیں پتا ہے آپ کے پاس رٹ کہاں سے آتی ہیں اور کہاں سے اس کی انگلش لکھی جاتی ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عدالت کے کندھوں پر اتنا بوجھ نہ ڈالیں کہ ان کےاحترام میں کمی آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو کام ملک میں پہلے نہیں ہوئے وہ کام (ن) لیگ اور نوازشریف کرتے ہیں، معاشی دھماکا کرنا ہو یا سی پیک جیسے پراجیکٹ، یہ بھی (ن) لیگ کا تحفہ ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ سازش سے نوازشریف کو نہیں ہٹایا جاسکتا، کیا یہ نواز شریف کا حق نہیں کہ انہیں عام پاکستانی جیسے حقوق ملیں، بات نواز شریف کی نہیں جمہوریت کی ہے، ان کو (ن) لیگ تو قبول ہے لیکن (ن) کو مائنس کرنا چاہتے ہیں اور ہمیں وہ سیاست ہی نہیں کرنی جس میں (ن) نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ روکنے والے جتنا روکیں عزت دینے والا خدا ہے، کچھ دن لگیں گے اور سارے مہرے بے نقاب ہو جائیں گے جب کہ نواز شریف آج صدر بن گے اور آئندہ الیکشن میں وزیراعظم بن جائیں گے۔
گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر پیش آنے والے واقعے پر طلال چوہدری نے کہا کہ جمہوری حکومت کے ہوتے عدالت کو تالہ نہیں لگنے دیں گے، یہ نوازشریف کی بات نہیں، انصاف تالے لگا کر نہیں ہو سکتا، 13 ججز اور ان کے عملے کو تالا لگا کر بند کیا گیا، اس معاملے کی رپورٹ گھنٹوں میں ہی آئے گی، گھنٹوں کی ففٹی پوری نہیں ہونے دیں گے جب کہ کسی ادارے اور شخص کے خلاف نہیں قانون کی حکمرانی کیلیے انکوائری ہوگی۔