خبرنامہ

نوازشریف کو انتقام کا نشانہ بنانے والے آج عزت مانگ رہے ہیں، مشاہد اللہ

نوازشریف کو انتقام کا نشانہ بنانے والے آج عزت مانگ رہے ہیں، مشاہد اللہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) ن لیگ کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے عدلیہ کو براہ راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو نااہل کرکے ذاتی انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور وہ بابے آج عزت کا مطالبہ کررہے ہیں، سی پیک کا کریڈٹ لینے والے زرداری کو چین نے ایک ڈالر بھی نہیں دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں قائد اعظم محمد جناحؒ اور نوازشریف کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے اپنی تقریر میں عدلیہ کو براہ راست سخت تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔انہوں نے کہا کہ نواز شرف کو نااہل کرکے ذاتی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ پانامہ پانامہ کرتے اقامہ پرنواز شریف کو نااہل کیا گیا اور آج بابے عزت کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں۔ کیا آپ کے پاس عزت نہیں ہے جو عزت مانگ رہے ہیں؟ مشاہد اللہ خان نے مزید کہا کہ اپنے کنڈیکٹ میں ڈنڈی نہ ماریں۔ آپ کے پاس ابھی بھی وقت ہے اپنے فیصلے کو درست کرتے ہوئے نواز شریف کے ساتھ انصاف کریں۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں ووٹ لینے والے کو نااہل کر دیا گیا اور آج رحمت بابا کہتے ہیں کہ ان کی عزت کریں، نواز شریف پاکستان میں ماڈرن تبدیلی لائے ہیں، نواز شریف کو لوگ صلاح الدین ایوبی کی طرح یاد کیا کریں گے۔ مخالفین پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرطاہرالقادری، عمران خان اور پرویز مشرف کے ساتھی ہیں، ماڈل ٹاوٴن کے شہیدوں کے ساتھ سیاست کر رہے ہیں۔ یہ لوگ تو پرویز مشرف سے وزارتیں مانگا کرتے تھے۔ مشاہد اللہ خان نے آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سی پیک کا کریڈٹ لینے والے کو چین نے ایک ڈالر بھی نہ دیا کہ کہیں آصف زرداری اسے اپنی جیب میں نہ رکھ لیں اور دوسری طرف چین نے نواز شریف کے دور میں 56ارب ڈالر دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پندرہ پندرہ سالوں کے کام نواز شریف اور شہباز شریف ایک سال میں کرتے ہیں۔2018میں عوام پھر ن لیگ کو ووٹ دے گی، تقریب میں ڈپٹی میئر اسلام آباد سمیت مسلم لیگ ن کے مقامی رہنماؤں نے شرکت کی۔