اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے نوازشریف آج بھی وزیراعظم ہیں اور2023تک رہیں گے ،عمران خان تنکوں اور جھوٹ کا سہارا لیکر کیس بنارہے ہیں،جبکہ نوازشریف ایک مرتبہ پھر فتح یاب ہونگے ۔ بدھ کو پاناماکیس میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا مخالفین کے پاس رونے دھونے اورجھوٹ کے سوا کچھ نہیں رہا۔خواجہ آصف نے کہا عمران خان پہلے شوکت خانم کے پیسے سے متعلق جواب دیں کہ ہسپتال کا پیسہ مسقط اور فرانس کیسے گیا وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاعمران خان کو نواز شریف فوبیا ہے ، شیخ رشید کو( ن) لیگ سے ہڈی نہیں ملی ، سراج الحق بھی خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کا جواب نہیں دیتے ، تینوں کیس میں سنجیدہ نہیں اورعوامی مقدمہ بنانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا اگر عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق واقعی سنجیدہ ہوتے تومقدمے پر فوکس کرتے ۔انہوں نے کہا عمران خان ذاتی بدلہ لینے کے لیے پاکستان کی معیشت کو دائو پر لگا رہے ہیں،عمران خان سے پوچھا جائے کہ وہ کس کے لیے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اداروں کو دبائومیں لانے کی سازش کرتے ہیں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھاعمران خان نے وزیر اعظم اور ان کے بچوں پر جھوٹے الزامات لگائے ، انہیں جھوٹے الزامات پر شریف خاندان سے معافی مانگنا پڑیگی ،پی ٹی آئی چیف کو کنٹینر پر کیس لڑنے اور اداروں کو برا بھلا کہنے کی عادت ہے ۔ انہوں نے کہا عمران خان نے وزیراعظم اور انکے بچوں پر جھوٹے الزامات لگائے اور اب ان الزامات کو ثابت کرنے کیلئے انکے پاس کوئی ثبوت نہیں، اس لیے انہیں سب کچھ جھوٹ لگ رہا ہے ۔ وزیر مملکت نے کہا عمران خان نے مریم نواز سے متعلق بھی غلط بیانی کی تاہم مریم نواز نے تمام دستاویز سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہیں اور اگر مزید ثبوت بھی طلب کیے گئے تو جمع کرائے جائیں گے ۔ طلال چوہدری نے کہا جیسے جیسے کیس چل رہا ہے تحریک انصاف کے لوگ مایوس ہوتے جارہے ہیں،عمران خان پاناما کے نام پر سیاسی جوا کھیلنے سپریم کورٹ آتے ہیں۔
خبرنامہ
نوازشریف 2023ء تک وزیر اعظم رہیں گے :ن لیگ
