نواز شریف سے ڈیل کا ایک ہی اصول ہے، آئین کے دائرے میں کام کریں طلال چوہدری
اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ڈیل کا ایک ہی اصول ہے کہ آئین کے دائرے میں کام کریں۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ دوسروں کی طرح نواز شریف کو بھی شفاف ٹرائل کا حق ملنا چاہیے، نا انصافی ختم ہوگی تو ہمارے لہجے بھی شائستہ ہو جائیں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ فرد جرم اور کسی پر نہیں لگی لیکن نواز شریف پر لگ جاتی ہے، نا انصافی ختم کرتے ہوئے انصاف دیا جائے اور انصاف نواز شریف کا بھی حق ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے پارٹی انصاف کے نام پر بنائی لیکن خود نہیں مانتے، یہ لوگ قانون کی بات کرتے ہیں لیکن کہتے ہیں ہمیں کوئی نہ پوچھے
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اذیت دینے کے لئے مریم نواز کو جان بوجھ کر پاناما کیس میں شامل کیا گیا۔