خبرنامہ

نواز شریف پالیسیزز کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے؛ برجیس

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی سے متعلق وزیر اعظم کے وژن اورمسلم لیگ (ن) کی عوام دوست پالیسیزز کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔اُنہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں ایک وفد سے چیت کرتے ہوئے کہی۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے آج کے حالات 2013 ء کے حالات سے یکسر مختلف ہیں۔ 2013 ء میں ملک میں دہشت گردی عروج پر تھی اور ملک معاشی لحاظ سے ڈیفالٹ کرنے کے درپے تھے لیکن وزیراعظم کے وژن اور حکومت کی مخلص کوششوں کی بدولت پاکستان کے حالات یکسر تبدیل ہو چکے ہیں۔ دہشت گردی میں خاطر خواہ کمی کا اعتراف عالمی سطح پربھی کیا جارہا ہے اور چند ایک مستند عالمی جریدوں کے مطابق 2016 کا سال ء پچھلے سولہ سالوں میں پاکستان کے لیے محفوظ ترین سال ثابت ہوا اور اس امر کا اعتراف کیا گیا کہ کراچی سمیت پاکستان کے تمام علاقے امن وامان کے حوالے سے انتہائی محفوظ ہو چکے ہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ معاشی اعتبار سے بھی ملک انتہائی مستحکم پوزیشن اختیار کر چکا ہے ،زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں،پاکستان کی سٹاک مارکیٹ خطے کی بہترین سٹاک مارکیٹ بن چکی ہے اور ہمارے وزیر خزانہ کو جنوبی ایشیاء کے بہترین وزیر خزانہ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے 2017 ء پاکستان کی تاریخ کا خوشحال ترین سال ثابت ہو گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ہونے والی سرمایہ کاری کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے سلسلے میں گزشتہ دنوں چین کے درالحکومت بیجنگ میں ہونے والے اجلاس میں اس منصوبے کے تحت ہونے والی سرمایہ کاری کا حجم 46 ارب ڈالر سے بھی تجاویز کر چکا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ بیجنگ میں ہونے اجلاس میں پاکستان کے تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ کی شرکت اس امر کی تصدیق کرتے ہیں کہ اس منصوبے کے حوالے سے خنجراب تا گوادر پاکستان کی عوام اور سیاسی قائدین متحدہیں اور اس منصوبے کی کامیابی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن وسلامتی ہو معاشی اشارے ہوں یا پھر توانائی کے منصوبے یہ سب رجحانات پاکستان میں ہونے والی زبردست ترقی کی تصدیق کرتے ہیں اور اس امر کی نویدسنا رہے ہیں کہ 2017 ء اور آنے والا کل پاکستان کی عوام کے لیے انتہائی خوشحال ثابت ہو گا۔