اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے تین سالوں میں اقتصادی ترقی کی وجہ سے ایک نئی پہچان بنائی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لندن میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بار ے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگوں کو اپنے ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنا چاہیے اور اس کے لئے مثبت سوچ اور خود اعتمادی کو اپنانا ہو گا۔ ان کاکہنا تھاکہ سی پیک کی صورت میں 46بلین ڈالر کی سرمایہ کاری نے دنیا کی نطر مین پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کیاہے اور عالمی میڈیا جو پاکستان کو خطرناک ملک قرار دیتا تھا آج پاکستان کو بیرونی سرمایہ کاری کے لئے جنت قرار دے رہا ہے۔ اقتصادی ترقی کے بار ے میں بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھاکہ تین سالوں میں گروتھ ریٹ 2.5 سے بڑھ کر 4.8 تک پہنچ گیا ہے جو کہ پاکستان کی تاریخ میں پچھلے 8 سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔ احسن اقبال کا مزید کہناتھا کہ ان کی پارٹی چارای ایز (اکنامی، انرجی ،دہشت گردی کا خاتمہ اور ایجوکیشن) کے منشور کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی اور حکومت نے ان سب شعبوں میں کام کیاہے اس طرح دہشت گردی اور انتہا پسندی میں حکومت کو کوششوں کی وجہ سے واضح کمی آئی ہے ۔ان کاکہنا تھاکہ حکومت نے تین سالوں میں ایچ ای سی کے بجٹ کو دوگنا اضافہ کیاہے اسی طرح ملک کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس قائم کیا جائے گا ۔ ان کاکہنا تھاکہ پاکستان امریکہ نالج کوریڈور سے اگلے دس سالوں میں 10000پی ایچ ڈیز تیار کئے جائیں گے۔ سی پیک منصوبے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے ۔ ان کاکہنا تھاکہ اس منصوبے سے ملک کے تمام صوبے مستفید ہوں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ اوور سیز کمیونٹی کو سی پیک پر منفی پروپیگنڈے میں توجہ نہیں دینی چاہیے بلکہ یہ پاکستان کیلئے گیم چینجز منصوبہ ہے۔
خبرنامہ
نواز شریف کی وجہ سےپاکستان ایک نئی پہچان بنائی:احسن
