نوجوان نسل مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرے، برجیس طاہر
اسلام آباد (ملت آن لائن) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ،طلباء وطالبات مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز سے اُجاگر کرنے کے لیے الیکٹرانک و سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال عمل میں لائیں۔ وہ گورنمنٹ ماڈل کالج فارگرلز ایف سیون ٹو میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر کالج کی طالبات اور اساتذہ کرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ آج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی تیسری نسل کے نمائندے اور نوجوان طلباء وطالبات حق خود ارادیت کی جدوجہد کو پورے جوش وجذبے سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس عظیم مقصد کے لیے دن رات اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ برہان مظفر وانی جیسے مقبوضہ کشمیر کم عمر اور پڑھے لکھے نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے اپنی جانوں کی قربانی پیش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بہادر وغیور کشمیری نوجوان بھارتی آٹھ لاکھ فوج کی موجودگی سے بے خوف ہو کر پاکستان سے اپنی وابستگی کے اظہار کےئلیے سبز ہلالی پرچم لہرانے میں اور شہدا ء کو سبز ہلالی پرچم میں ہی دفن کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ چند سابق بھارتی فوجی جرنیل اور سفارت کار بھی کشمیریوں کے اس عزم کو دیکھتے ہوئے اس حقیقت کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں اور بھارتی فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی پرُا من جدوجہد کو نہیں دبا سکتا اور یہ کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت کو مذاکرات کا راستہ اپنانا پڑے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور بھارت نے ایک سازش کے ذریعے اکتوبر 1947 ء میں کشمیر پر ناجائز قبضہ کر لیا۔انہوں نے کہاکہ 78 فیصد مسلم اکثریت والے کشمیر میں بھارت ماورائے عدالت قتل او ردرجنوں کالے قوانین کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی سازش کر رہا ہے اور اس ناپاک منصوبے کی تکمیل کے لیے بھارت اب تک لاکھوں کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں عورتوں کو بیوہ کر چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ چند عرصے میں پیلٹ گن کے استعمال سے ہزاروں کشمیری نوجوان بچوں اور بچیوں کو عمر بھر کی بینائی سے محروم کر دیا ہے۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کا موقف انتہائی کمزور ہونے کی وجہ سے وہ اس مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات کی راہ سے فرار حاصل کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت خود اس مسئلے کو اقوام متحدہ کے فورم پر لے کر گیا تھا اور آج خود ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں سے منحرف ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر بھارت کے اُس بڑے مذموم منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت وہ اس پورے خطے میں چودھراہٹ قائم کرنا چاہتا ہے اور جس مقصد کے لیے وہ اربوں ڈالرز کا اسلحہ جمع کررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے شروع دن سے ہی پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا اور سازش کرکے ہمیشہ پاکستان کے وجود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہاکہ بھارت آج بھی پاکستان میں ترقی وخوشحالی کے میگا منصوبوں کو ڈی ریل کرنے کے لیے پاکستان میں امن واستحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کررہا ہے ۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہاکہ اگر محمدنوازشریف نے 1998 ء میں ایٹمی دھماکے نہ کیے ہوتے تو آج پاکستان کے وجود کو بھارت کے ہاتھوں شدیدخطرات لاحق ہو چکے ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی صورت میں پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بن چکا ہے جس کا سارا کریڈٹ محمدنوازشریف کو جاتا ہے ۔انہوں نے بھارت کو خبر دار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی کسی قسم کی مہم جوئی اور شرارت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور بھارت پاکستان کی صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج مقبوضہ کشمیر میں ہر قسم کے غیر جانبدار میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا داخلہ بند ہے ،ایسے میں ہم سب پر خصوصاً نوجوان نسل پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید پامالی، اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے اطلاق اور عالمی امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کی اہمیت کے حوالے سے اپنی آواز بھرپور انداز سے الیکڑانک اور سوشل میڈیا میں اٹھائیں تاکہ اس مسئلے کے حل کے لیے عالمی رائے عامہ کو ہموار کرکے اس کا حل جلد از جلد ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے ۔سابق وزیر اعظم محمدنوازشریف نے چار مرتبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے فورم پر یہ واضح کیا کہ مسئلہ کشمیرکے حل کے بغیر نہ تو پاکستان اور بھارت کے تعلقا ت معمول پر آسکتے ہیں اور نہ ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے ۔ اس سے قبل وفاقی وزیر نے کالج کی طالبات کی جانب سے کشمیریوں کے حقوق اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک تصویری نمائش کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر کالج کی طالبات نے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید پامالی کے حوالے سے تقاریر، نغمے ،نظمیں اور کوز پروگرام بھی پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے طالبات میں موجود آگاہی پر اُن کی صلاحیتوں پر داد پیش کی اور کہاکہ اگر پاکستان کی نوجوان نسل اسی انداز سے اپنی مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کے حقوق کو اُجاگر کرتے رہیں گے تو وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا او رغاصب بھارتی تسلط سے نہتے کشمیریوں کو آزادی حاصل ہو گی ۔تقریب کے آخر میں وفاقی وزیر نے ہونہار طالبا ت میں انعامات تقیسم کیے۔