خبرنامہ

نوجوان نسل کو تعلیمی انقلاب کے ذریعے بہترین مستقبل سے ہمکنار کرنا وفاقی حکومت کا اولین مشن ہے ، پلاننگ کمیشن

اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی) پاکستان وژن 2025ء کے تحت نوجوان نسل کو تعلیمی انقلاب کے ذریعے بہترین مستقبل سے ہمکنار کرنا وفاقی حکومت کا اولین مشن ہے، حکومت مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیمی اداروں کا ایک نیٹ ورک قائم کرتے ہوئے عوامی سہولتوں میں اضافہ کی راہ پر گامزن ہے ،وژن 2025ء میں تعلیمی ترقی کو اولین حیثیت دی گئی ہے اورپاکستان کے تمام اضلاع کی سطح پر سب کیمپس کا قیام علاقائی ترقی کی راہ پر ایک اہم قدم ثابت ہو گا،ملک بھر میں تعلیم کے شعبے کو بہتربنانے کے لئے مالی سال کے پی ایس ڈی پی کے تحت ہائرایجوکیشن کمیشن کیلئے45 ارب 50کروڑ روپیکا بجٹ مختص کیا ہیں ۔ پلاننگ کمیشن کے حکام کے مطابقکسی بھی ملک کی ترقی میں خواندگی بہت اہمیت کا حامل ہے لیکن تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن ہے، وژن 2025 کے تحت تعلیم کے شعبے کے لئے حکومت نے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ وژن 2025 ء کے تحت حکومت ملک سے ناخواندگی کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اسی ضمن میں حکومت وژن 2025ء کے تحت سکول جانے والے بچوں اور بچیوں کے تعددی فرق کو ختم کرنے کے لئے حکومت کوشاں ہے اور 2025ء تک ہر بچہ یا بچی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت قومی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کے لئے بروئے کار لانے کے لئے حقیقت پسندانہ حکمت عملی اختیار کر رہی ہے جس کے ثمرات تیزی کے ساتھ سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وفاقی اور دیگر صوبائی حکومتیں خواندگی کے سلسلے میں سنجیدہ ہیں اور اپنے وسائل کا ایک چوتھائی سے بھی زیادہ خواندگی پر خرچ کررہی ہیں ۔