خبرنامہ

نہال ہاشمی نے استعفیٰ واپس لے کر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی،مشاہد اللہ خان

ریاض(ملت آن لائن،اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سینیٹر نہال ہاشمی نے اپنا استعفیٰ واپس لے کر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مظاہرہ کیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے ا جلاس میں سینیٹر نہال ہاشمی کے استعفیٰ پر غور کیا گیا ، ہم نے چیئرمین سینیٹ سے درخواست کی کہ سینیٹر نہال ہاشمی کااستعفیٰ منظور کیا جائے لیکن چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سینیٹر نہال ہاشمی نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سینیٹر جاوید عباسی ، سینیٹر سلیم ضیاء اور سینیٹر سعود مجید کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نہال ہاشمی کامسئلہ کافی دنوں سے چل رہا ہے۔ آج مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا، اجلاس کے بعد پارٹی کے ممبران چیئرمین سینیٹ کے پاس گئے ، اس موقع پر ہم نے چیئرمین سینیٹ کو کہاکہ سینیٹر نہال ہاشمی کااستعفیٰ منظور کیاجائے ، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ نہال ہاشمی اپنا استعفیٰ واپس لے کر چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹر نہال ہاشمی نے قیادت کے کہنے پر استعفیٰ دیا تھا۔ اس پر انہیں اصولی طورپر پارٹی پالیسی کے تحت مستعفی ہونا چاہے تھا۔ ان کا یہ فیصلہ اچھا نہیں ہے۔ وہ ابھی تک مسلم لیگ (ن) میں ہیں، ان کو پارٹی ڈسپلن کامظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ پارلیمانی پارٹی اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے جو پارٹی کی قیادت نے کیا تھا۔