خبرنامہ

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مظفرآباد کا آڈٹ مکمل

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے نیلم جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ مظفرآباد کاآڈٹ مکمل کرلیا ہے۔ آڈیٹرجنرل آف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مظفر آباد کا تفصیلی آڈٹ کیا گیا ہے جس میں منصوبہ کے معاشی فوائد، کارکردگی اور اس کے مؤثر ہونے کے حوالے سے منصوبہ کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بیان کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے رپورٹ صدر مملکت کو پیش کر دی ہے تاکہ اس کو پارلیمان میں پیش کیا جاسکے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق مالیاتی انتظام کار، خریداری اور ٹھیکوں کے انتظام کار، تعمیراتی اور دیگر کارکردگی، ایسٹ مینجمنٹ اور منصوبہ کی مانیٹرنگ و ایویلیویشن کی خامیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔