اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ پاکستان بیلا روس کو خطے کا ایک اہم ملک تصور کرتا ہے اوروہ مختلف شعبہ جات میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شمولیت کے لئے بیلاروس کی خواہش خوش آئند ہے ،امید ہے کہ اس سے خطے میں ترقی کی رفتار تیز ہو گی۔صدر مملکت نے یہ بات جمہوریہ بیلاروس کی قومی اسمبلی کے ایوان نمائندگان کے چیئرمین ولادی میر اینڈری چینکو سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وفد کے ہمراہ منگل کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق ،قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امورکے چیئرمین سردار اویس احمد لغاری اور سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صدر مملکت نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے بیلاروس کی سیاسی قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سال اگست میں بیلاروس کے وزیر اعظم کا متوقع دورہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کومزید تقویت دینے میں معاون ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں مثبت پیش ہائے رفت نے دو طرفہ تعاون کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اعلی سطح پراور پارلیمانی وفود کے دوروں کے باقاعدہ تبادلے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکتداری کے عکاس ہیں ۔ انہوں نے اس امرکو اجاگر کیاکہ دونوں ممالک کے درمیان زراعت ، ادویہ سازی ، ہلکی مشینری کی تیاری ، تیل و گیس کے شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔ صدر ممنون حسین نے کہاکہ پاکستان نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کے لئے بیلاروس کی حمایت کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی اشتراک کار بہت زیادہ اہمیت کاحامل ہے ۔ انہوں نے یونیورسل پوسٹل یونین کی انتظامی کونسل میں نشست کے لئے پاکستان کے امیدوار کی حمایت پر بیلاروس کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے دفاع و تربیت کے شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے پر بھی زوردیا۔ صدر ممنون حسین نے کہاکہ بیلاروس یونیورسٹی میں اردو چیئر اور پاکستان میں بیلاروسی چیئر کاقیام ، تعلیم و ثقافت کے میدان میں فروغ پذیر دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہے ۔صدر نے 2016میں بیلاروس میں پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے ملک میں جمہوریت کو مزید تقویت ملے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ولادی میر اینڈری چینکو نے کہاکہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں مختلف شعبہ جات میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ بیلاروس کے ادویہ ساز شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں ، انہوں نے پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کو دستیاب مواقع سے استفادہ کی دعوت دی تاکہ ان کی مہارت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے عوامی روابط میں اضافہ کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعلیم و ثقافت کے میدان میں تعاون بڑھانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کو اپنے رہنماں کے وژن کی روشنی میں باہمی تجارت کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے بیلاروس کے صدر اور عوام کی طرف سے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔ صدر مملکت نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے بیلاروس کے صدر ، حکومت اور عوام کے لئے نیک تمناں کا اظہار کیا۔
خبرنامہ
نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کیلئے بیلاروس کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،صدر ممنون
