خبرنامہ

نیو ٹیکنالوجی انکوبیشن سینٹرز کے قیام سے نوجوانوں کو کامیاب سرمایہ کار بننے میں مدد ملے گی، انوشہ رحمان

اسلام آباد (ملت آن لائن،اے پی پی) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں میں نیو ٹیکنالوجی انکوبیشن سینٹرز کے قیام سے نوجوانوں کو کامیاب سرمایہ کار بننے میں مدد ملے گی جو معقول روزگار کما سکیں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں وزارت میں نیشنل آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ کے 52 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بڑی پالیسی کا محور ملک کے نوجوانوں کو معیاری ڈیجیٹل اور سکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ کی فراہمی ہے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام نے انہیں اس سلسلے میں تمام مناسب فورمز اور ذرائع فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے جس کے ذریعے وہ ابھرتی ہوئی عالمی فری لانسنگ مارکیٹ میں معیاری تربیت حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ اس موقع پر آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ کو۔ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بورڈ کو بتایا کہ کمپنی کو ایڈورٹائزڈ انکوبیشن سینٹر پراجیکٹس کے لئے انڈسٹری سے بڑی حوصلہ افزاء تجاویز ملی ہیں۔ انہوں نے بورڈ کو بتایا کہ فنی اور مالیاتی بنیادوں پر چار نئے انکوبیشن سینٹرز کے قیام کے لئے درجنوں کمپنیوں پر مشتمل 30 سے زائد کنسورشیا کی جانب سے سربمہر بولی کا جائزہ لیا گیا ہے اور بورڈ نے ماسوائے بلوچستان تفصیلی غور و حوض کے بعد کامیاب بولی دہندگان کو کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کی منظوری دی۔ بورڈ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو ہدایت کی کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں انکوبیشن سینٹر کے لئے نئی بولی کا آغاز کیا جائے۔ بورڈ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ جلد از جلد آئی او ٹی روبوٹکس اور فن ٹیک سپیشلیٹی انوویشن سینٹرز، آر ایف پیز کا اجراء کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ یہ انکوبیشن سینٹر آئی سی ٹی سکلز کے فروغ کے لئے معاون کردار ادا کریں گے جو اس شعبہ کے لئے ضروری ہے۔ بورڈ نے آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ کمپنی کے مختلف جاری منصوبوں کی صورتحال اور اس کے کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا۔ انوشہ رحمان نے کہا کہ حکومت وزیراعظم کے تیز رفتار ڈیجیٹلائزیشن وژن کی تکمیل کے لئے آئی سی ٹیز کی ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کمپنی کو ہدایت کی کہ تمام ساتوں انکوبیشن سینٹرز کے قیام کی مقررہ وقت میں تکمیل کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری آئی ٹی رضوان بشیر خان، ممبر ٹیلی کام مدثر حسین، ممبر ایچ آر، سی سی او آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی یوسف حسن اور بورڈ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔