خبرنامہ

ن لیگ عوامی فلاح کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے دن رات کوشاں ہے، ذوالفقار علی بھٹی

مسلم لیگ (ن) عوامی فلاح کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے دن رات کوشاں ہے،ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی
سرگودھا۔15 اکتوبر(اے پی پی ) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن عوامی فلاح کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہے ، انشاء اللہ حلقہ کے عوام کے ساتھ کئے گئے ہر وعدے کی پاسداری کر کے موجودہ حکومت آئندہ انتخابات میں بھی تاریخی کامیابی حاصل کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے گزشتہ روز چک 123 اور چک 124 میں ایم پی اے رانا منور غوث کے ہمراہ سوئی گیس کے منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ چکوک میں سوئی گیس کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم نواز شریف نے خصوصی گرانٹس مہیا کی ہیں جس کے تحت مذکورہ علاقوں میں چار ماہ کی قلیل مدت میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو جب بھی اقتدار ملا پنجاب سمیت پورے ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا گیااورملک کی تعمیر و ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ ن نے اس بار اقتدار سنبھالا تو وطن عزیز کو دہشت گردی ، مہنگائی ، بیروز گاری سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا لیکن موجودہ حکومت کی بہترین اقتصادی پالیسیوں کی بدولت آج کا پاکستان تین سال پہلے والے پاکستان سے بہت بہتر ہے ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ مخالفین کی منفی سیاست کے باوجود موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت میں اپنے تمام اہداف کو پورا کرنے میں کامیاب ہو گی، اس موقع پر رانا منور غوث نے کہا کہ حلقہ کے عوام کی خدمت ہماری سیاست کی پہچان ہے اور بے لوث عوامی خدمت کی بدولت عوام بھی ہم پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ بہت جلد حلقہ کے ہر گھر میں سوئی گیس جیسی بنیادی سہولت فراہم کر دی جائے گی، انہوں سوئی گیس کی فراہمی کیلئے خصوصی گرانٹ جاری کرنے پر وزیر اعظم میاں نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وعدوں کی پاسداری کر کے وزیر اعظم نے حلقہ کے عوام کے دل جیت لئے ہیں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔اجتماعات سے حاجی شریف گجر اور جاوید اقبال نے بھی خطاب کیا ۔