خبرنامہ

وزارت مذہبی امور کا آئندہ حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) وزارت مذہبی امور نے آئندہ حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے گزشتہ برسوں کے دوران حج کرنے والے افراد کے تجربات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں وفاقی وزیر مذہبی پیر نور الحق قادری اور سیکرٹری مذہبی امور سمیت وزارت کے اعلیٰ حکام نے اس حوالے سے ایک حکمت عملی کو حتمی شکل دی ہے جس کے تحت ملک بھر میں گزشتہ سال فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین کو ورکشاپس میں مدعو کیاجائے گا اور حج انتظامات کے حوالے سے ان کی رائے لی جائے گی۔ یہ ورکشاپس لاہور، کراچی، پشاور ، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی منعقد کی جائیں گی۔ ان کے تجربات اور رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے حج 2019ء کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزارت مذہبی امور میں حج 2018ء کے حوالے سے ایک ڈی بریفنگ بھی منعقد ہو گی جس میں ڈائریکٹر جنرل حج مکہ، وفاقی ویزر مذہبی امور اور سیکرٹری مذہبی امور کو حج آپریشن 2018ء کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔ اس بریفنگ کو بھی مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔