خبرنامہ

وزیراعظم انیس مئی کو سعودی عرب جائیں گے

اسلام آباد (ملت آن لائن، مانیٹرنگ) وزیراعظم نواز شریف 19 مئی کو سعودی عرب کے لئے روانہ ہوں گے ، جہاں ان کی امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلی باضابطہ ملاقات بھی متوقع ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی میزبانی میں امریکا، عرب و اسلامی سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے امریکی صدر اور وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان ریاض میں دوطرفہ ملاقات کو یقینی بنانے کے لئے وائٹ ہاؤس اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کرلیا ہے جبکہ دفترخارجہ نے بھی یہاں امریکی سفارتخانے سے رابطہ کیا ہے ،امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لئے 19 مئی کو سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں جہاں سے وہ اسرائیل اور روم بھی جائیں گے ۔ امریکی صدر فلسطینی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی امریکا، عرب و اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت بہت اہمیت کی حامل ہے ، اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کو امریکی صدر سے ملاقات اور انہیں مختلف علاقائی و بین الاقوامی امور پر پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کرنے کے علاوہ دو طرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کا موقع بھی ملے گا ۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس زیادہ تر بند کمرے میں ہوگی، سعودی عرب میں ٹرمپ کی شاہ سلمان کے علاوہ خلیجی ممالک کے رہنماؤں اور عرب و مسلم ممالک کی قیادت سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ – ‌