سانگلہ ہل (ملت + آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف کل جمعہ کو ایم تھری موٹر وے (پنڈی بھٹیاں‘ فیصل آباد) پر چک بیرانوالہ کے سامنے سانگلہ ہل موٹر وے انٹرچینج کا افتتاح کریں گے۔ اس منصوبہ پر چالیس کروڑ کے قریب لاگت آئی ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً دو سال قبل منظور کیا گیا تھا۔ اس کی افتتاحی تقریب کی صدارت وزیراعظم میاں نوازشریف اور وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر کریں گے ۔ سانگلہ ہل موٹر وے انٹر چینج سانگلہ ہل جو کہ ایم تھری پر پنڈی بھٹیاں سے پندرہ کلومیٹر‘ ساہیانوالہ انٹر چینج سے 14کلومیٹر‘ فیصل آباد سے 30کلومیٹر اور موٹر وے پوائنٹ نیو کراچی سے چار کلو میٹر کے فاصلہ پر بنایا گیا ہے۔ اس انٹرچینج سے فیصل آباد‘ حافظ آباد‘ چنیوٹ‘ ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ کی حدود میں واقع رہائشی اور سانگلہ ہل اور اس کے گرد و نواح میں واقع سینکڑوں دیہات کے عوام موٹر وے کی سفری سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے اور اس انٹرچینج سے صرف پندرہ منٹ میں اپنی گاڑی پر سانگلہ ہل سٹی میں پہنچا جاسکے گا۔ مسافروں کی حفاظت کے لئے انٹرچینج اور سانگلہ ہل کے درمیان تین پولیس چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں ۔ اس انٹرچینج سے ننکانہ صاحب تک جانے کے لئے ایک ارب سنتالیس کروڑ روپے کی لاگت سے دو رویہ سڑک بھی تعمیر کی جائے گی جس کی تعمیر اس افتتاح کے ساتھ ہی شروع کردی جائے گی۔ اس سڑک پر تین اوور ہیڈ برج بھی بنائے جائیں گے۔ تقریب کیلئے میاں نواز شریف کے ہیلی کاپٹر کیلئے تین مختلف ہیلی پیڈ بنائے گئے ہیں۔ عوام اس انٹرچینج سے لاہور‘ اسلام آباد پشاور فیصل آباد جاسکیں گے۔
خبرنامہ
وزیراعظم جمعہ کو سانگلہ ہل موٹر وے انٹرچینج کا افتتاح کریں گے
