خبرنامہ

وزیراعظم جواب دینے کو تیار ہیں لیکن زکواۃ کے پیسوں کا حساب کون دے گا، خواجہ آصف

اسلام آباد(ملت + آئی این پی )وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ احتساب مسلم لیگ (ن) کا بنیادی ستون ہے اور نوازشریف ہرسوال کا جواب دینے کو تیار ہیں لیکن زکواۃ کے پیسوں کا حساب کون دے گا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ جس دن سے پاناما لیکس کا معاملہ بحث بنا وزیراعظم نوازشریف نے ابتدائی دنوں میں ہی خود کواحتساب کے لئے پیش کردیا تھا، سپریم کورٹ کو بھی جوڈیشل کمیشن بنانے کے لئے تحریر بھیجی ،پارلیمنٹ میں گئے اور پاکستان کی سب سے بڑی عدالت کے سامنے اپنے قائد کی جگہ ہم موجود ہیں، نوازشریف ہر سوال کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں کیوں کہ مسلم لیگ (ن) کا بنیادی ستون احتساب ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم کبھی بھی احتساب سے نہیں گھبرائے اور وزیراعظم نے بھی کبھی راہ فرار اختیارکرنے کی کوشش نہیں کی۔ آئینی اداروں کی طرح عدالت کے سامنے موجود ہیں۔ سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کیے اور 2 ہفتے بعد آئینی طور پر جواب بھی دیں گے۔ عوام کی عدالت بھی لگائی جائے گی اور وہاں بھی سرخرو ہوں گے لیکن زکواۃکے پیسے کھانے والے بھی تو اپنا احتساب دیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2012 سے پوچھ رہا ہوں کہ خیرات اور زکواۃ کے پیسے کہاں گئے، عمران خان نے 3600 گھربنانے کا وعدہ کیا تھا ،وہ ایک گھر بھی دکھا دیں کہاں بنایا ہے، سیلاب زدگان کے گھر کون بنائے گا ،سیلاب زدگان کے نام پر خیرات اور زکواۃ کے پیسوں اور شوکت خانم اسپتال کے 70 لاکھ ڈالرز کا حساب کیوں نہیں دیا جارہا ہے۔