اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف جمعرات کو آذربائیجان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے،وہ آذربائیجان کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات،اقتصادی تعاون اوراہم علاقائی اوربین الاقوامی امورپر تبادلہ خیال کریں گے۔دفترخارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ آذربائیجان کے صدرالہام علیوف کی دعوت پرو زیراعظم محمد نوازشریف 13اکتوبر سے 15اکتوبرتک آذربائیجان کادورہ کررہے ہیں،وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی آذربائیجان جائیگا۔یہ دورہ پڑوسی اورعلاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات اورتعاون کو فروغ دینے کیلئے وزیراعظم پاکستان کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔پاکستان علاقائی ممالک کے ساتھ گہرے تاریخی اورثقافتی رشتوں کی بہت قدر کرتاہے اوروہ ان ممالک کے ساتھ تعاون پرمبنی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔باکو میں قیام کے دوران وزیراعظم محمد نوازشریف آذربائیجان کے صدرالہام علیوف اور وزیراعظم آرتھورطاہرراسی زادے سے بات چیت کریں گے،دونوں ممالک کی قیادت دوطرفہ تعلقات اوراقتصادی تعاون بالخصوص تجارت اورسرمایہ کاری کوفروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیں گے۔اس کے ساتھ دوطرفہ دلچسپی کے اہم علاقائی اوربین الاقوامی امور بالخصوص جنوبی ایشیاء کی صورتحال اور پرامن ہمسائیگی کی پاکستان کی پالیسی پر بھی بات چیت ہوگی۔وزیراعظم کے دورہ کے دوران مشترکہ اعلامیہ کے اجراء کا بھی امکان ہے۔پاکستان اورآذربائیجان کے درمیان قریبی دوستانہ اورتعاون پرمبنی تعلقات قائم ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام اورخطے میں امن،استحکام اورترقی کے مشترکہ ادراک پرمبنی ہے۔آذربائیجان کی جانب سے کشمیر پر پاکستان کی پالیسی اورپاکستان کی جانب سے نگورنو کاراباخ کے ایشوپر آذری پالیسی کی حمایت دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات ،تعاون اوردوستی کی عکاسی کرتے ہیں۔دونوں ممالک اہم علاقائی اوربین الاقوامی امورپر یکساں موقف رکھتے ہیں اوراقوام متحد،اوآئی سی،اورای سی او جیسے عالمی فورمزپر دونوں ممالک ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے اکتوبر1991میں آزادی حاصل ہونے کے بعد آذربائیجان کو تسلیم کیا اورباکو میں ریزیڈنٹ مشن قائم کیا۔
خبرنامہ
وزیراعظم محمد نوازشریف جمعرات سے آذربائیجان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے
