اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس (آج) جمعہ کو طلب کر لیا ہے جس میں باقاعدہ ایجنڈا آئٹمز کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر کابینہ اجلاس کا اولین ایجنڈا آئٹم کشمیر کی صورتحال، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا ان کا دورہ اور نیویارک میں عالمی رہنماؤں کے ساتھ ان کی دوطرفہ ملاقاتوں پر تبادلہ خیال ہو گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق خارجہ سیکرٹری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بحث سے قبل کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔ وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا سیل کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو سیکورٹی اداروں کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی صورتحال کے بارے میں مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔ قومی سلامتی مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر وزیراعظم آفس کو ایک جامع رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم نے بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
خبرنامہ
وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس (آج) طلب کرلیا
