خبرنامہ

وزیراعظم ملک کی تقدیر بدل رہے ہیں: ظفرالحق

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے اقتصادی راہداری منصوبہ پر عملدرآمد کرا رہے ہیں، 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ کی تقدیر تبدیل ہو گی، سرکاری ملازمین محنت ، دیانتداری اور صداقت سے امور سرانجام دیں تو لوگوں کو نہ صرف انصاف ملتا ہے بلکہ حکومت کے خلاف نفرت بھی پیدا نہیں ہوتی۔ وہ منگل کو آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ایگزیکٹو باڈی ضلع راولپنڈی کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو حکومتی مشینری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور سرکاری ملازمین کے ذریعے ہی حکومت کا تاثر بنتا ہے۔ وہ حکومت کے ترجمان ہوتے ہیں اور جس طرح جسم کی ہڈی جسم کو مضبوط اور سیدھا رکھتی ہے اسی طرح سرکاری ملازمین سرکاری امور کو موثر بنا کر نہ صرف اداروں کی کارکردگی میں بہتری لاتے ہیں بلکہ ملک کو خوشحالی کی طرف گامزن کرتے ہیں اور دنیا میں ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔ اگر سرکاری ملازمین محنت ، دیانتداری اور صداقت سے امور سرانجام دیں تو لوگوں کو نہ صرف انصاف ملے گا بلکہ حکومت کے خلاف نفرت بھی پیدا نہیں ہوتی اور حکومت بھی وہ منصوبہ جات اختیار کرتی ہے جن سے ملازمین اور ملک کا فائدہ ہو۔ اگر نچلی سطح پر کام ٹھیک ہورہا ہو اور ملازمین مطمعن ہوں تو حکومت کی نام داری پیدا ہوتی ہے، سرکاری فرائض وقت پر اور صحیح طریقے سے انجام دینے سے اداروں کی قدر ومنزلت میں اضافہ ہوتا ہے۔ راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کی فلاح وبہبود و بہتری کیلئے موثر اقدامات اٹھارہی ہے اور ایپکانے جو مطالبات اٹھائے ہیں وہ درست ہیں،اپیکا کے کچھ مطالبات تو منظور ہو چکے ہیں، باقی مطالبات پر عمل درآمد کے حوالے سے وہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی یہ کوشش رہی ہے کہ ملازمین کو ان کے حقوق کی فراہمی یقینی ہو اس لئے وہ ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے اقتصادی راہداری کے منصوبے پر عمل درآمد کروارہے ہیں۔ 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ کی تقدیر تبدیل ہو گی۔ راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ وزیراعظم نے جب ایٹمی دھماکے کئے تو اسی شام تہیہ کیا تھا کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقتصادی دھماکہ بھی کریں گے اور سی پیک اس منصوبے کا حصہ ہے۔ راجہ محمد ظفرالحق نے ایپکا ملازمین کی طرف سے پر زور استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح بھی آزاد ی پاکستان سے پہلے برصغیر کی دو بڑی یونینز ریلوے اور پوسٹل میں سے پوسٹل یونین کے صدر تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائدا عظم محمد علی جناح نے ترکی ، فلسطین و دیگر مسلم ممالک کے مسلمانوں پر اٹھائے جانے والے ظلم و زیادتی پر نہ صرف آواز اٹھائی بلکہ عالمی سطح پر اقدامات بھی کئے۔ راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ ملازمین کے حقوق کی فراہمی مسلم لیگ کو ورثے میں ملی ہے۔ قبل ازیں تقریب حلف برداری سے مرکزی صدر اپیکا پاکستان حاجی محمد اسلم نے اپنے خطاب میں سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق کو سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل اور معاملات پر تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی ملازمین کی دیگر صوبوں کی نسبت 7.5 فیصد تنخواہ کم ہے صوبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے گریڈ 1 تا 17 ملازمین کی اپ گریڈیشن کر دی گئی ہے جبکہ وفاقی ملازمین کو اس سہولت سے فائدہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی ملازمین کی طرح باقی صوبوں میں بھی میڈیکل الاؤنس، ہاؤس رینٹ، سفری الاؤنس بڑھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آمرانہ دور 2001 سے ملازمین کی پنشن سے30 فیصد کٹوتی کی جا رہی ہے، اس کو ختم کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جس طرح مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اس کے پیش نظر ملازمین کے 2010ء کے ایڈہاک الاؤنس کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرایا جائے اس سے ملازمین کو ریلیف ملے گا۔ 20 سال پہلے کلرک مڈل پاس تھے اب ایم اے ، ڈبل ایم اے اور ڈگریوں والے کلرک کا کام کر رہے ہیں ۔ سرکاری دفاتر پرانی عمارتوں سے نکل کر سنگ مرمر سے بنی عماررات میں منتقل ہو چکے ہیں مگر کلرکس کی اپ گریڈیشن نہیں کی گئی، اب تبدیلی کا وقت ہے ملازمین کے حقوق بحال کیے جائیں یہ 22 لاکھ خاندانوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زکوۃٰ ، پبلک ہیلتھ ، واٹر منیجمنٹ و دیگر محکمہ جات کے ملازمین عرصہ دراز سے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر کام کررہے ہیں ان کو ریگولر کرایا جائے۔ گروپ انشورنس کی رقم تنخواہ شروع ہوتے ہی کاٹ لی جاتی ہے یہ ریٹارمنٹ کے وقت ادا کی جائے اور گریڈ1 تا17 کے ملازمین جن کا سروس سٹریکچر نہیں ہے ہر پانچ سال بعد ان کو اگلا گریڈ دیا جائے۔ ٹی ایم اے کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور گریجویٹی کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ تقریب سے صوبائی صدر اپیکا محمد ارشاد چوہدری، ممبر قومی اسمبلی ملک ابرار احمد کے علاوہ دیگر نومنتخب عہدیداران نے بھی خطاب کرتے ہوئے قائد ایوان سینیٹ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے ماضی میں بھی ملازمین کی فلاح وبہبود اور مسائل حل کرانے میں نمایاں کردار ادا کیا تھا، سرکاری ملازمین قائدایوان سینیٹ سے بھرپور امید رکھتے ہیں کہ ان کے مسائل کو جلدازجلد حل کرائیں گے ۔