خبرنامہ

وزیراعظم نواز شریف دو روزہ دورے پر کویت روانہ

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر کویت روانہ ہوگئے‘ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر کویت روانہ ہوگئے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف اپنے دورے کے دوران کویتی امیر شیخ صباح احمد الجابر الصباح سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کویتی ہم منصب جابر بن مبارک سے بھی ملاقات کریں گے۔ کویتی رہنماؤں سے ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم کویت میں مقیم پاکستانیوں سے بھی خطاب کریں گے کویت میں ایک لاکھ چودہ ہزار پاکستانی مقیم ہیں۔ وزیراعظم کویتی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی خطاب کریں گے اور سرمایہ کاروں کو منافع بخش کاروباری ماحول سے آگاہ کریں گے ۔ وزیراعظم کویتی پارلیمنٹ کے سپیکر مرذوق القائم سے بھی ملاقات کریں گے۔(ن غ)