وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام سے85 ہزارخاندان مستفید ہوں گے، سائرہ افضل تارڑ
اسلام آباد(ملت آن لائن) وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے خوشاب میں وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے خوشاب کے 85 ہزار خاندان مفت علاج کی سہولیات سے مستفید ہوں گے، پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کا بنیادی مقصد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے اور کم آمدنی والے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے گھرانوں سے مراد ایسے گھرانے ہیں جن کی یومیہ آمدن دوسو پاکستانی روپے سے بھی کم ہے۔ ان حالات میں اگر کوئی بیمار پڑ جائے تو ان کو گھریلو اشیاء ، اپنی جمع پونجی یہاں تک کہ زمین اور جائیداد تک بیچنا پڑتی ہے۔لیکن اب اللہ کے فضل و کرم سے اب ملک میں ایسا نہیں ہو گا پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت یہ اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ یہ پروگرام عام بیماریوں کے داخلی علاج بشمول بچوں کی بیماریاں ، زچگی ، سرجیکل اور دیگر بیماریوں کا احاطہ کرے گا جن کی لاگت 50,000 روپے فی خاندان سالانہ ہو گی۔ اس پروگرام کے تحت داخلی امراض کے علاج جن میں بائی پاس،انجیو پلاسٹی، جل جانے والے افراد، حادثات، کینسر اور ذیابیطس کے مریضوں کے لیے انسولین شامل ہے کیلئے 250,000 روپے فی خاندان سالانہ خرچ کئے جائیں گے۔ ان تمام بیماریوں کیلئے فنڈ وفاقی حکومت ادا کرے گی۔اس پروگرام کے تحت گھر سے ہسپتال اور ہسپتال سے گھر تک ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بھی شامل ہیں۔وہ مریض جو علاج کے دوران اس پروگرام کے تحت مقرر کردہ حد یعنی 3 لاکھ روپے استعمال کر چکے ہوں گے ان کے علاج میں کوئی تعطل نہیں آنے دیا جائے گا۔ ان کے لیے بیت المال کے ذریعے اضافی رقم فراہم کی جائے گی جب تک ان کا علاج مکمل نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہیلتھ پروگرام کو کامیاب بنانا ہمارا اولین مقصد ہے تاکہ عوام کو اس کے تمام ممکنہ فوائد پہنچ سکیں اور وہ ایک صحتمند زندگی گزار سکیں ۔ وزیر قومی صحت نے کہا پرائم نیشنل ہیلتھ پروگرام ملک کے 27 اضلاع میں کامیابی سے جاری ہے اور اس کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھا دیا گیا ہے اس پروگرام کے تحت 31 لاکھ غریب خاندانوں کو مفت علاج کی سہولیات میسر ہو ں گی جو پاکستان میں رہنے والے امیر وں کو میسر ہیں۔ اب غریب لوگ بھی پاکستان کے بہترین پرائیویٹ ہسپتالوں میں اپنا علاج مفت کرا سکیں گے۔ یہ ہماری حکومت کا ایک عظیم کارنامہ ہے جس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی ۔ ماضی میں منصوبوں کے اعلانات اور سنگ بنیاد رکھے جاتے تھے۔جبکہ ہماری حکومت نے اپنے ہی شروع کردہ منصوبے مکمل کئے ہیں مسلم لیگ ن کی حکومت کھوکھلے نعروں کی سیاست پر یقین نہیں بلکہ کام اور کارکردگی پر یقین رکھتی ہے مسلم لیگ ن نے نعروں کی بجائے عوام کی خدمت کی ہے ، وسائل پہلے بھی تھے تاہم نیت نہیں تھی ، بجلی کے منصوبے ہم نے لگا ئے ۔ ملک سے اندھیرے ختم کئے، دہشتگردی پر قابو پایا، ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے سی پیک کا منصوبہ دیا ، ملک بھر میں موٹرویز اور سڑکوں کا جال بچھا یا ہے۔ سی پیک 21 کروڑپاکستانیوں کی خوشحالی کا عظیم منصوبہ ہے پاکستان کی معیشت روز بروز مستحکم ہو رہی ہے۔ پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کا تاریخی اور انقلابی منصوبہ دیا، ملک کے نوجوانوں کے لیے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کا اجراء کیا۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہم نے پاکستان کی عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کئے ہیں جب ملک میں سی پیک بن رہا تھا دہشتگردی ختم ہو رہی تھی میٹرو اور سڑکوں کا جال بچھ رہا تھا، انتخابی اصلاحات ، یوتھ پروگرام اور ہیلتھ پروگرام بن رہا تھا تو دوسری طرف خالی نعرے لگانے والے نیا پاکستان بنانے کا دعوے کرنے والے کنٹینروں پر بیٹھ کر ملک کا تماشا بنا رہے تھے ۔ منفی سیاست کرنے والوں تھوڑا صبر کر لیں جس صوبے میں آپ کو مینڈیٹ ملا ہے وہاں پر عوام کی خدمت کرو۔ کونسا نیا پاکستان وہاں بن گیا ہے اپوزیشن کی سیاست مفرضوں پر مبنی ہے جس کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ۔ پاکستان کی باشعور عوام دروغ گوئی اور بہتان تراشی کرنے والوں کے عزائم پہچان چکے ہیں کیونکہ ان لوگوں نے دھرنوں ، لاک ڈاؤں اور احتجاج کر کے ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے اور فلاح عامہ منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ اقتدار عوام کی بے لوث خدمت کرنے کا نام ہے ۔ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید کرنے والے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں پاکستان ترقی ان کو ہضم نہیں ہو رہی۔ انشااللہ اگلا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر ہو گا ، ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ 2018 کے عام انتخابات میں دھرنے والے کو شکست فاش سے دوچار ہونا پڑے گا۔