خبرنامہ

وزیراعظم نے بھرپور طریقے سے مسئلہ کشمیر دنیا کے سامنے پیش کیا،سیکرٹری خارجہ

اسلام آباد(آئی این پی )سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان اور گلگت بلتستان میں مداخلت کر کے خود تنہائی کا شکار ہو گا، وزیراعظم نے بھرپور طریقے سے کشمیر کا مسئلہ دنیا کے سامنے پیش کیا جو کہ موجودہ حالات میں انتہائی ضروری تھا، یہ بات غلط ہے کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہے، پاکستان سرمایہ کاری کے لئے پر کشش ملک بن چکا ہے ، پاکستان کی کشمیریوں سے انسیت بہت پرانی ہے ۔ وہ منگل کو سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مہذب قومیں میز پر بیٹھ کر اپنے مسائل حل کرتی ہیں ، ہم باہمی احترام اور مفاد کی بنیاد پر بھارت سے مذاکرات کریں گے ۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی جنرل اسمبلی کی تقریر کشمیر پر مرکوز تھی اور انہوں نے بھر پور طریقے سے کشمیر کا مسئلہ اجاگر کیا ، موجودہ حالات کے تناظر میں ضروری تھا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ نیویارک میں وزیراعظم سے دوطرفہ ملاقاتوں میں کشمیر سر فہرست رہا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ یہ غلط ہے کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہے بلکہ مختلف ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے آنا چاہتے ہیں اور پاکستان سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ملک بن چکا ہے ۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی کشمیریوں سے انسیت بہت پرانی ہے ، بھارت بلوچستان اور گلگت میں مداخلت کر کے خود تنہائی کا شکار ہو گا ، توقع ہے کہ عالمی برادری بھارت کو اس کے وعدے یاد دلاتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں معاشی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ امن کا ماحول قائم ہو ، آپریشن ضرب عضب میں پاک افواج دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر رہی ہے ۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ اڑی حملے کچھ گھنٹوں بعد بھارت نے تحقیقات کئے بغیر پاکستان پر الزام لگا دیا جبکہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کا فائدہ پورے خطے کو پہنچ رہا ہے ،پاکستان کسی بھی قسم کے دہشت گرد کو اپنی زمین پر پنپنے نہیں دے گا اور کشمیریوں کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی ان کی اپنی تحریک ہے ، کسی دہشت گردی کے جنازے میں دو لاکھ شرکت نہیں کرتے ، دنیا کشمیر میں ہونے والے مظالم پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ افسوس ہے کہ ہندوستان کی جب آنکھ کھلے گی تب تک کشمیر میں بہت خون بہہ چکا ہو گا ، کشمیریوں پر مظالم سے ہندوستان کی اپنی تنہائی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے اور ہم کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی دھمکیاں غیر مناسب ہیں ، کشمیر کے حوالے سے میڈیا نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور خارجہ امور کے معاملے پر اپوزیشن نے بھی ہمیشہ اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے ۔