خبرنامہ

وزیراعظم پاکستان کو علامہ اقبال اور قائد اعظم کے پیغام کی طرف لے جارہے ہیں

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پاکستان کو علامہ اقبال اور قائد اعظم کے پیغام کی طرف لے جارہے ہیں‘ علامہ اقبال کے پیغام کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہوتا‘ کلام اقبال کے ذریعے انتہا پسند اور شدت پسند رویوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ بدھ کو یوم اقبال پر مفکر پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلام اقبال اسلام کا حقیقی اور روشن چہرہ آج بھی دنیا کے سامنے لارہا ہے۔ اقبال کے پیغام کی سچائی زمان و مکان کی قید سے آزاد ہونے کی دلیل ہے۔ علامہ اقبال کی فکر کی روشنی میں مسائل کا حل تلاش کرسکتے ہیں۔ اسلام کی حقیقی روح کو سمجھنے کے لئے نوجوان کلام اقبال کا مطالعہ کریں۔ اقبال نے دعوؤں کے بجائے عمل کی تلقین کی خودی کی قوت کا ادراک دیا‘ شاعر مشرق کا اپنے کلام کے ذریعے فیض جاری ہے۔ علامہ اقبال امت مسلمہ کے وقار اور اتحاد کی علامت بن چکے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کو اقبال اور قائد کے پیغام کی طرف لے جارہے ہیں۔ علامہ اقبال کے پیغام کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہوتا۔ کلام اقبال کے ذریعے انتہا پسند‘ شدت پسند رویوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔