خبرنامہ

وزیراعظم کا اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد پر اظہار اطمینان

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں اہم شاہراہوں کے نیٹ ورک سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار شاہراہوں کے نیٹ ورک بہتر بنانے کیلئے ایک ہزار ارب روپے رکھے گئے۔ وزیراعظم نے اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد پر اظہار اطمینان کیا۔ ان کا کہنا تھا منصوبوں کی بروقت تکمیل، معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے مختلف طریقہ کار پر عمل کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کثیر مقدار میں بجٹ مختص کرنا ثابت کرتا ہے حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی چاہتی ہے۔ سڑکوں کے نیٹ ورک سے معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ شاہراہوں کے نیٹ ورک سے صوبوں میں یک جہتی کو فروغ بھی ملے گا۔ ملک بھر کی تمام شاہراہوں کو 4 اور 6 لین کے موٹرویز سے منسلک کیا جائے گا۔ شاہراہوں کے منصوبے مکمل ہونے سے جی ڈی پی کی شرح میں ایک سے ڈیڑھ فیصد اضافہ ہو گا۔