خبرنامہ

وزیراعظم کا جنرل اسمبلی میں خطاب عوام کے دِل کی آواز ہے، ڈاکٹر رمیش کمار

کراچی (آئی این پی )پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کو دیرینہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے عملی اقدامات اٹھانے چاہیے اور اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف کے امن پسند عوام کشمیر کے مسئلے کا پر امن اور جلد حل چاہتے ہیں، بھارت کو غیر ضروری اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ دونوں ممالک جوہری طاقت ہیں، دونوں طرف کی قیادت کو ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹکرا کی سیاست کی گریز کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ جس طرح کا جارحانہ انداز بھارت کی طرف سے دیکھنے میں آ رہا ہے ، اس سے یہی سمجھ آتا ہے کہ بھارت کبھی اڑی حملے کا بہانہ بنا کر تو کبھی سندھ طاس معاہدے کا نان ایشو اٹھا کر خطے میں جنگ کی کیفییت پیدا کرنا چاہتا ہے، انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت اپنی طاقت کے گھمنڈ میں جنگی جنون میں اتنا مگن ہے کہ خطے کے لاکھوں کروڑوں عوام کی خوشحالی کی ضمانت پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی بے بنیاد مخالفت کررہا ہے ، اقتصادی راہداری منصوبہ بھارت کے عوام کے لیے بھی اتنی اہمیت کا حامل ہے جتنی پاکستان اور چین کے لیے۔ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی جوش خطابت میں پاکستان کو عالمی سطح پر دہشت گرد ملک قرار دیتے ہوے یہ بھول جاتے ہیں کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا اعتراف عالمی ادارے کررہے ہیں، آپریشن ضرب عضب کی بدولت دہشت گردی کے عفریت پر کافی حد تک قابو پایا جاچکا ہے۔ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بھارتی دعووں کی سختی سے مذمت کرتے ہوے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اورخودمختار ریاست ہے جسکے اندرونی معاملات میں مداخلت کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ڈاکٹر رمیش کمار نے پاکستانی ہندو برادری کی جانب سے موجودہ حکومت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، خطے میں امن یقینی بنانے کیلئے جنگ روکنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، انہوں نے واشگاف الفاظ میں واضح کیا کہ پاکستانی ہندو کمیونٹی وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں دفاع وطن کیلئے بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔