اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) کسانوں کیلئے خوشخبری، وزیراعظم نے کھاد پر سبسڈی ختم کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اسے جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت کا شعبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور معیشت میں سب سے زیادہ حصہ کسان بھائیوں کا ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو کھاد پر سبسڈی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا امید ہے سبسڈی بحال ہونے کے بعد بڑی فصلوں کی پیداوار کے اہداف حاصل ہوسکیں گے۔ واضح رہے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی وزیراعظم پاکستان سے کھاد پر سبسڈی بحال کرنے کی درخواست کی تھی جبکہ تحریک انصاف نے سبسڈی کی واپسی کے لیے 72 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔