اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر و چیف آرگنائزر شعبہ خواتین بیگم نزہت صادق نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا شمار باوقار اور بے داغ شخصیات میں ہوتا ہے، وہ باکردار اور باصلاحیت شخصیت ہیں، محب وطن وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف ہرزہ سرائی حیران کن ہے، انہوں نے ملک میں قانون کی عملداری کے قیام میں کلیدی کردار کردار ادا کیا، عوام چوہدری نثار علی خان کی قیادت اور صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف بیان بازی کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں جن کے دور میں وہ کھلے عام جلسہ بھی نہیں کر سکتے تھے، بلاول زرداری کو اپنے والد محترم کا دور حکومت یاد ہو گا جب لوگ گھروں میں محصور ہو کے رہ گئے تھے اور مساجد اور مزارات بھی محفوظ نہیں تھے، جو لوگ آج چوہدری نثار کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں ان کا پانچ سالہ دور کرپشن کی داستانوں سے بھرا پڑا ہے۔ مسلم لیگی رہنما سینیٹر بیگم نزہت صادق نے مزیدکہاکہ پانامہ لیکس پر شور مچانے والے ملکی ترقی کا راستہ روکناچاہتے ہیں، پانامہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے فیصلہ کا انتظار کرنا چاہیے نہ کہ سڑکوں پر آ کر انتشار کی سیاست کو فروغ دیا جائے،وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کی جانب سفرکررہاہے، 2013ء میں عوام سے کئے ہوئے تمام وعدے پورے کررہے ہیں ہم وعدوں کی سیاست نہیں کرتے بلکہ عملی اقدامات اٹھاتے ہیں۔
خبرنامہ
وزیراعظم کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کررہاہے؛ سینیٹر
