اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے متعلقہ اداروں کو شاہراہوں اور نقل وحمل کے منصوبوں کے ذریعے پسماندہ علاقوں کو شہری علاقوں تک رسائی دینے کی ہدایت کی تاکہ ان علاقوں کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے ،یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دی ۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں سڑکوں اور نقل وحمل کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔ سرکاری بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور چیئرمین نیشنل ہائی وے شاہد اشرف تارڑ نے سڑکوں اور شاہراؤں کے منصوبوں پر جاری کام کی رفتار سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں متذکرہ شعبوں کے مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے ومیئر اسلام آباد میٹروپولیٹن شیخ عنصر عزیز نے میٹرو بس کو پشاور موڑ اسلام آباد او وفاقی دارالحکومت میں نئے ہوائی اڈے سے منسلک کرنے کے منصوبے میں پیش رفت سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ روڈ نیٹ ورک اور نقل وحمل کے منصوبوں کا اقتصادی پیداوار میں اہم کردار ہے ۔ ان منصوبوں کے ذریعے ملک کے دور دراز علاقوں کو شہری علاقوں تک رسائی دی جائے تاکہ ان علاقوں کے عوام کا سماجی اور معاشی حالات کو بہتر بنایا جا سکے ۔وزیراعظم نے اجلاس میں شریک حکام کو منصوبوں کے کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر ان کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی ۔ (اع +ن م)
خبرنامہ
وزیراعظم کی پسماندہ علاقوں کو شہری علاقوں تک رسائی دینے کی ہدایت
