خبرنامہ

وزیراعظم کی کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے نیلم ویلی میں ایل او سی کے قریب سویلین بس پر بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم نے پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی شہادت کو یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا بھارت کو حالات کی سنگینی کا احساس نہیں۔ واضح رہے آج بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے 3 پاکستانی فوجیوں کو شہید کر دیا جبکہ اس سے قبل بھارتی فوج کی جانب سے نیلم ویلی میں مسافر بس کو نشانہ بنایا گیا جس میں 7 مسافر شہید جبکہ سات زخمی ہو گئے تھے۔ پاکستانی فوج کی جانب سے بھی دشمن کو بھرپور جواب دیا گیا اور جوابی کارروائی میں بھارت کی متعدد فوجی چوکیاں تباہ کر دی گئیں۔