اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اقتصادی رابطہ تنظیم کے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جو یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہورہاہے جبکہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے ہدایت کی کہ اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے وفود کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں ۔ پیر کو وزیراعظم محمد نوازشریف کی صدارت میں اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ تنظیم کے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اقتصادی رابطہ تنظیم کا 13واں اجلاس یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہوگا ۔ تنظیم کے رکن ملکوں کے سینئر حکام اور وزراء کے اجلاس26سے28فروری تک ہوں گے ۔ وزیراعظم کو اجلاس کے ایجنڈے ، متوقع نتائج اور انتظامات سے آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ای سی او اجلاس کا اعلایہ علاقائی روابط اور خوشحالی پر مبنی ہوگا ۔ اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان تجارت، مواصلاتی رابطوں اور سیاحت پر بات ہوگی جبکہ معاشی ترقی، پیداواری صلاحیت ، سماجی بہبود اور ماحولیات پر بھی بات ہوگی ۔ ای سی او اجلاس میں آذربائیجان ، ایران اور قازقستان کے صدر شرکت کریں گے ۔ کرغزستان کے وزیراعظم ، ترکی اور پاکستان کے صدور بھی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ ترکمانستان کے صدر ، ازبکستان کے نائب وزیراعظم اور افغان وزیرخارجہ شریک ہوں گے ۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف نے ہدایت کی کہ اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے وفود کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں ۔
خبرنامہ
وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں اقتصادی رابطہ تنظیم کے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ
