خبرنامہ

وزیرمملکت اطلاعات و نشریات کی ریڈیو پاکستان کو خودکفیل بنانے کیلئے بزنس پلان تیارکرنے کی ہدایت

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ریڈیو پاکستان کو خودکفیل بنانے کیلئے بزنس پلان تیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو میں جدیدخطوط،پیشہ وارانہ طور پر انسانی وسائل کی تربیت اور انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے،نواجوانوں کی ضروریات کے پیش نظر پروگرام تشکیل دیئے جائیں۔جمعرات کو وزیرمملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے ریڈیو پاکستان کا دورہ کیا۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ ریڈیو اطلاعات کی فراہمی کیلئے مواصلات کا پرانا ذریعہ ہے لیکن پرانا ذریعہ ہونے کے باوجود معاشرے کے بڑے حصے کی ضروریات پوری کر رہا ہے،ریڈیو نے بہترین آوازیں ،فنکار اور موسیقار پیدا کئے ہیں،ہمیں ریڈیو کی پرانی روایات کو زندہ رکھنے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی،ریڈیو پروگرامز کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی ضروریات کے پیش نظر پروگرام تشکیل دیئے جانے چاہیں،ریڈیو عوامی اہمیت سے متعلق مسائل پر آگاہی مہم شروع کرے اور غذائی قلت سے متعلق بھی عوامی آگاہی پروگرام شروع کیے جائیں۔ریڈیو میں جدیدخطوط،پیشہ وارانہ طور پر انسانی وسائل کی تربیت اور انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔وزیرمملکت نے ریڈیو کو خود کفیل بنانے کیلئے بزنس پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔