خبرنامہ

وزیر اعظم(آج ) دو روزہ دورے پر بوسنیا ہرزیگوینا روانہ ہوں گے

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف (آج ) منگل کو دو روزہ دورے پر بوسنیا ہرزیگوینا روانہ ہوں گے،وزیر اعظم بوسنیا کا دورہ بوسنیا کے چئیرمین برائے کونسل آف منسٹرز کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ بوسنیا ہرزیگوینا کے چئیرمین برائے کونسل آف منسٹرز بوسنیائی وزیر اعظم ڈینس زویدوک ہیں۔ وزیر اعظم کے ہمراہ ایک اعلی سطح کا وفد بھی بوسنیا جائے گا ۔وزیر اعظم بوسنیائی وزیر اعظم اور چئیرمین برائے کونسل آف منسٹرز کے علاوہ بوسنیائی ایوان صدر کے اراکین، راہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم بوسنیائی پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم بوسنیا کے رئیس العلماء حسین ایف کاوازووک سے بھی ملاقات کریں گے۔ دورہ بوسنیا میں وزیر اعظم ایک بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم، دو روزہ دورے میں بوسنیا کے چیمبر برائے بیرونی تجارت اور فارن انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔وزیراعظم بوسنیائی قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔