رحیم یار خان (ملت + اے پی پی) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شیپنگ میاں امتیاز احمد نے کہا ہے کہ اربوں روپے مالیت کے میگا ترقیاتی منصوبے مکمل کروا کر جہاں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے وعدوں کی تکمیل جاری ہے دوسری جگہ عوام کو سستی اور معیاری تفریح کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے ، تفریح پر صرف امراء کا ہی حق نہیں بلکہ ہر خاص و عام کو بہترین تفریحی سہولیات سے محفوظ ہونے کا برابر حق ہے یہی وجہ ہے کہ شہر کے تمام اجاڑ اور گندگی سے بھرے میدان آج جدید پلے لینڈ اور فیملی پارکس میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یار خان میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اانہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے جس پر ہم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر یوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ کیا جا رہا ہے ، خواجہ غلام فرید آئی ٹی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی، شیخ زید میڈیکل کالج، اسلامیہ یونیورسٹی کیمپس سمیت سکولز و کالجز کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں جاری ہے اور انشاء اللہ اس ضلع کی عوام کے تعاون سے سرخرو ہو کر عوامی عدالت میں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جلد وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سپورٹس جمنازیم سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔میاں امتیاز احمدنے کہا کہ ہماری کارکردگی کا موازنہ2013ء کے رحیم یار خان اور آج کے رحیم یار خان سے کیا جا سکتا ہے ، ترقیاتی سکیموں کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں نئے تعلیمی اداروں کا قیام، فیملی اینڈ چلڈرن پارکس،شاہرات کا جال بچھا دیا گیا ہے جبکہ سیوریج ، واٹر سپلائی سمیت دیگر بنیادی ضروریات میں بھی بہتری لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت و تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز ہے اور عوامی نمائندگان و انتظامی افسران میں بہترین کوارڈینیشن موجود ہے ۔
خبرنامہ
وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے
