خبرنامہ

وزیر اعظم توانائی کے بحران کے حل کیلئے کوشاں ہیں:آفتاب

اٹک: (ملت+آئی این پی)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمدنے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان توانائی کے بحران کے حل کے لیے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش جاری ہے تاکہ ملک سے توانائی کے بحران کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔وہ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے حال ہی میں چشمہ نیو کلیر پاور پلانٹ کا افتتاح کیا ہے جس کے ذریعے 340میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ 3/60روپے کمی بھی کر دی گئی ہے۔ جس سے صارفین کو فائدہ ہوا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سستی بجلی کا حصول بھی ممکن ہوا ہے۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ملک سے 2018تک توانائی بحران کا مکمل طور پر خاتمہ کردیا جائے گا۔ جس کا وعدہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ موجودہ حکومت صرف وعدوں پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عملی اقدمات اس کی ترجیحات میں شامل ہے جس سے عوام کے مسائل حل ہورہے ہیں۔ ۔ توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو اس سلسلے میں اقدامات کرکے عوام کو سہولیات فراہم کررہی ہیں۔ یہ خصوصی ٹیمیں وزیراعظم محمد نواز شریف کی نگرانی میں کام کر رہی ہیں اور ان کے عملی احکامات کی وجہ سے توانائی بحران کا خاتمہ ممکن ہوگا۔