خبرنامہ

وزیر اعظم صوبہ سندھ کے عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے: سید ایاز علی

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) مسلم لیگ(ن) کے رہنما سید ایاز علی شاہ شیرازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کو صوبہ سندھ اور اس کے عوام سے پیار ہے،وہ ان کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کئی مرتبہ ٹھٹھہ کا دورہ کر چکے ہیں ان کا کہنا ہے کہ انہیں صوبہ سندھ اور اس کے عوام سے پیار ہے ٹھٹھہ ان کی پسندیدہ جگہ ہے۔سید ایاز علی نے کہا کہ ٹھٹھہ، سجاول،ٹنڈو محمد خان اور بدین صوبہ سندھ کے وہ پسماندہ علاقے ہیں جن پر صوبائی حکومت نے کبھی توجہ نہیں دی اور وزیر اعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت سندھ کے پسماندہ علاقوں کی بہتری کے لئے کام کرے یا نہ کرے وہ خود یہاں ترقیاتی کام کا بیڑا اٹھائیں گے اس ضمن میں انھوں نے عوام کے لئے5 سو بستروں کے ہسپتال ، گیس کی فراہمی ،سڑکوں کی تعمیراور ہیلتھ کارڈ کے اجراء سمیت کئی ترقیاتی کام شروع کرانے کا وعدہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے عوام وزیر اعظم محمد نواز شریف کو بہت چاہتے اور ان سے امیدیں وابسطہ کیے ہوئے ہیں اور جانتے ہیں کہ وزیر اعظم ان کی امنگوں پر پورا اتریں گے،وزیر اعظم جو وعدہ کرتے ہیں انہیں نبھاتے ہیں۔