اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اوگرا کی سفارشات کے مطابق پٹرولیم کی قیمت میں خاطر خواہ اضافہ کے بجائے معمولی اضافہ کی منطوری دے کر عوام کو منی بجٹ سے بچا لیا۔ اگر اوگرا کی سفارشات پر عمل کیا جاتا تو ملک میں مہنگائی کا سیلاب آ جاتا اور عوام و کاروباری برادری کے مصائب میں اضافہ ہوتا۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اوگرا نے چند روز قبل حکومت کو بھیجی جانے والی سفارشات میں پٹرول کی قیمت میں دو روپے اٹھائیس پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں دو روپے چار پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں تیرہ روپے فی لیٹر اور لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں سات روپے پچھتر پیسے فی لیٹر اضافہ کاکہا تھا مگر حکومت نے اوگرا کی تجویز پر عمل درامد کے بجائے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں صرف ایک روپے فی لیٹر اضافہ کی اجازت دی جبکہ دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمت برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ شاہد رشید بٹ نے کہا کہ عوام کی اکثریت پٹرول اور ڈیزل استعمال کرتی ہے۔پٹرول کاروں اور موٹرسائیکلوں میں جبکہ ڈیزل زراعت اور ٹرانسپورٹ میں استعمال ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ نہ کر کے صنعت کو ریلیف فراہم کیا ہے جہاں اسے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اب پٹرول کی فی لیٹر قیمت 73 روپے سے بڑھ کر 74 روپے ہو گئی ہے اور ڈیزل کی قیمت 82کے بجائے 83 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ معمولی اضافہ کے نتیجہ میں ٹرانسپورٹرز کی مختلف تنظیموں نے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔
خبرنامہ
وزیر اعظم نواز شریف نے عوام کو منی بجٹ سے بچا لیا
