خبرنامہ

وزیر اعظم نہیں عمران خان قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں: طلال

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نہیں بلکہ عمران خان قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں،مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہاکہ عمران خان ن لیگ کی دشمنی میں پاکستان سے دشمنی کیوں کررہے ہیں، آف شور کمپنیوں سے لیکر بچوں اور جائیدادوں تک عمران خان نے غلط بیانی کی ہے۔بدھ کو الیکشن کمیشن کے باہر مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز اور طلال چوہدری میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نہیں بلکہ عمران خان قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، گزشتہ 7 ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ ہم احتساب کے لیے ہر فورم پر پیش ہونے کو تیار ہیں لیکن عمران خان بتائیں کہ وہ 2 سال سے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں کیوں تلاشی نہیں دیتے، آج بھی الیکشن کمیشن نے عمران خان سے جواب مانگا جب کہ وہ سپریم کورٹ سے بھی بھاگ گئے ہیں لہذا عمران خان اداروں کی پاسداری کریں اور جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پارٹی فنڈنگ کیس میں تلاشی کیوں نہیں دیتے، کرپشن کی نشاندہی کرنے پر انہوں نے اپنا احتساب کمیشن خود ختم کر دیا اور آج ایک بار پھر عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں جب کہ افضل خان نے عدالت سے معافی مانگی تھی اور عمران خان نے بھی معافی مانگنی ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہاکہ عمران خان ن لیگ کی دشمنی میں پاکستان سے دشمنی کیوں کررہے ہیں، ہم لوگ عمران خان کی طرح الف لیلی کی کہانیاں نہیں ثبوت لیکر آئے ہیں، آف شور کمپنیوں سے لیکر بچوں اور جائیدادوں تک عمران خان نے غلط بیانی کی ہے، 20 سال سے بیروزگار انسان جہاز میں گھومتا ہے اور 300 کنال کا گھر کالے دھن سے خریدا۔ ان کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنیوں سے لیکر بچوں اور جائیدادوں تک عمران خان نے غلط بیانی کی ہے، عمران خان دوسروں کی تلاشی کی بات کرتے ہیں لیکن چور تو آپ ثابت ہوگئے لہذا اب تلاشی ہوکر رہے گی۔