اسلام آباد(ملت آن لائن،اے پی پی) مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرامانی نے جوڈیشل کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کابینہ سے منظور کروا کر جے آئی ٹی کمیشن کو وہ تمام اختیارات دلوائے ہیں جو نیب کو حاصل ہیں اورجے آئی ٹی کمیشن اس ضمن میں غیر ممالک سے بھی معاونت لینے کی مجاز ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے جے آئی ٹی کمیشن کو نیب کے اختیارات دے کر اسے مضبوط بنایا،ن لیگ اپنے تمام تر تحفظات کے باوجود جے آئی ٹی سے بھرپور تعاون کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادوں حسین نواز اور حسن نواز بیرون ملک مقیم ہیں اور استثنی رکھنے کے باوجود عام شہریوں کی طرح احتساب دے رہے ہیں اورآئندہ بھی تعاون کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کا بیان پڑھا ہے کہ جو (ن) لیگ جماعت کرے گی ہم بھی وہی کریں گے،وزیر اعظم توچاروں صوبوں میں ترقی و خوشحالی کے کام کر رہے ہیں،دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں،لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں،کراچی کی روشنیوں کو واپس لائے ہیں،بلوچستان میں امن واپس لائے ہیں،عمران خان نے خیبر پختونخواہ میں اقتدار کے چار سال ضائع کئے ہیں کاش عمران خان بھی وزیراعظم محمد نواز شریف سے کچھ سیکھتے اوران کے نقش قدم پر چل کر خیبر پختونخواہ میں ترقی و خوشحالی کے لئے اقدام کرتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں خانہ جنگی پیدا کرنا چاہتے ہیں انہوں نے عدلیہ سے گزارش کی کہ عمران خان کے خلاف بھی جے آئی ٹی کمیشن بنایا جائے اور ان سے بھی احتساب کی جائے تاکہ عوام کے سامنے ان کا چہرہ بے نقاب ہو،انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف تینوں عدالتوں ،عوام کی عدالت اور اللہ کی عدالت میں سرخرو ہوں گے اور سال 2018ء میں بھی پاکستان کے ایک بار پھر وزیر اعظم بنیں گے۔
خبرنامہ
وزیر اعظم نے جے آئی ٹی کمیشن کو تمام اختیارات دلوائے ہیں ، ڈاکٹر آصف کرامانی
