وزیر اعظم کے مشیر ہوا بازی نے پی آئی اے کی نیو کارپوریٹ لک کا افتتاح کردیا
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن(پی آئی اے ) کی نیو کارپوریٹ لک کا افتتاح کردیا ہے۔ جمعہ کو پی آئی اے اسلام آباد میں پی آئی اے نیو کارپوریٹ لک کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان مہمان خصوصی تھے۔سیکرٹری ایوی ایشن ڈویڑن عرفان الہی ‘سی ای او مشرف رسول سیان،سی او او ضیاء قادر‘ سی سی او بلال منیر شیخ ‘چیف ٹیکنکل آفیسر عامر علی سمیت پی آئی اے اور ایوی ایشن ڈویڑن کے افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار مہتاب نے کہا کہ اندرون ملک اور بیرون ملک پروازوں میں سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جارہیں ہیں۔پی آئی اے نے قومی جانور’’مارخور‘‘ کی تصویروالا لوگوجاری کردیا ہے ‘پی آئی اے کی نیو کارپوریٹ لک میں کاک پٹ سے منسلک دروازے پر پاکستان کاپرچم اس کے بعد انگریزی میں پی آئی اے اور اس کے بعد اردو میں پی آئی اے لکھا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر مشرف رسول سیان نے پی آئی اے کارپوریٹ لک کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ پی آئی اے کے آفیشل لوگو کر تبدیل کر کے قومی جانور مارخود کی تصویر والا نیا لوگو بنایا گیا ہے ‘پی آئی اے نیو کارپوریٹ لک میں سہولیات کے معیار کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے میں اندرونی اور بیرونی مشکلا ت اور چیلنجز کے باوجود پی آئی اے کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے پی آئی اے کی نیو کارپوریٹ لک کی تیاری پرپی آئی اے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے لوگو کی’’ری برانڈنگ‘‘ ایک اچھا قدم ہے ‘ہماری اولین ترجیح ہے کہ پی آئی اے کو دنیا کی جدید ترین ایئر لائنوں کی صف میں شامل کریں ‘اس کے لئے ٹیم ورک ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نیو کارپوریٹ لک میں پی آئی اے کی نئی اور درست سمت کا تعین کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح مارخور انتہائی بلندی پر مشکل ترین حالت میں آگے بڑھتا ہے اسی طرح پی آئی اے بھی ترقی کی منازل طے کررہی ہے۔