خبرنامہ

وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ترقی کے سفر کو مزید تیز کریں گے: برجیس

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی عوام کی جانب سے محمدنواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے ۔ اُنہوں نے یہ بات آج ضلع ننکانہ کی تحصیل سانگلہ ہل میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اُنہوں نے کہا کہ محمدنواز شریف کی Visionary قیادت اور پالیسیز کے باعث آج پاکستان ترقی کی منازل تیزی سے طے کر رہا ہے اورپورے ملک میں انفراسٹرکچر کی ترقی سے متعلق میگا منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں بلا تفریق ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔جس کا واضح ثبوت بلوچستان میں ہزاروں کلومیٹر پر مشتمل سڑکوں کا نیٹ ورک ہے جو پاکستان اور خصوصاً بلوچستان کی دیر پا اور مستحکم ترقی کا سب بنے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نو منتخب بلدیاتی نمائندے خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں اور عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ خنجراب تا گوادر محمدنواز شریف کا وژن پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن بن چکا ہے اور اسی وژن کی بدولت مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر ،گلگت بلتستان ضمنی انتخابات اور اب بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے کامیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے گاؤ ں،تحصیل اور ضلع کی سطح پر محمدنواز شریف کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ترقی کے اس سفر کو اور بھی تیز کریں گے جو مسلم لیگ (ن) نے 2013 ء میں برسر اقتدار آنے کے بعد شروع کر رکھا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو درپیش بڑے چیلنجزز پر قابو پانے کے بعد ،ترقی اور خوشحالی کے اس سفر کو Consolidate کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ پورے پاکستان کے عوام اور آنے والی نسلیں ترقی اور خوشحالی کے اس سفر سے بھرپور انداز میں مستفید ہو سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ محمدنواز شریف کا وژن اور وعدوں کی تکمیل کا یہ سفر آئندہ جنرل انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کی بھرپور کامیابی کا سبب بنے گا۔