خبرنامہ

وزیر خزانہ کوضمنی بجٹ کا اختیار دینے کیخلاف دائر درخواست پر عائد اعتراض ختم

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کوضمنی بجٹ کا اختیار دینے کے خلاف دائر درخواست پر رجسٹرار ہائیکورٹ آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس عاطر محمود نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے کسی قانونی جواز کے بغیروزیرخزانہ کو 100ملین کا ضمنی بجٹ لاگو کرنے کا اختیار دیا ہے۔اسحاق ڈارکی جانب سے ضمنی بجٹ کو کابینہ سے منظور نہیں کرایا گیا جو کہ عدالت عظمی کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت تمام معاملات میں کابینہ کی منظوری لازم ہے۔100ملین کا ضمنی بجٹ جاری کرنے کے اختیار سے قومی خزانے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے اور رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کیا جائے۔فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کر دیا۔